Tuesday , October 23 2018
Home / دنیا / آسکر ایوارڈس : ’’شیپ آف دی واٹر‘‘ بہترین فلم،

آسکر ایوارڈس : ’’شیپ آف دی واٹر‘‘ بہترین فلم،

ششی کپور اور سری دیوی کو خراج عقیدت
لاس اینجلس ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال آسکر ایوارڈ کا بالآخر اعلان کردیا گیا جہاں ’’شیپ آف دی واٹر‘‘ نامی فلم کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جس میں سیلی ہاکنس اور ڈف جونس نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ دوسری طرف ہندوستانی اداکار علی فضل اور سینئر برطانوی اداکارہ جوڈی ڈینچ کی فلم ’’وکٹوریہ اینڈ عبدل‘‘ بہترین میک اپ، ہیر اسٹائلنگ اور کاسٹیوم ڈیزائن کے شعبہ میں آسکر حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس کے مقابلے یہ انعام ’’ڈارکیسٹ آور‘‘ نامی فلم کو دیا گیا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فرانسیس میک ڈورمنڈکو ان کی فلم تھری بل بورڈس آؤٹ سائڈ ایبنگ، مسوری کو حاصل ہوا جہاں انہوں نے ایک ایسی ماں کارول ادا کیا ہے جس کی بیٹی کا نوجوانی میں ہی انتقال ہوجاتا ہے۔ بہترین انیمیٹیڈ فلم کے شعبہ میں 2018ء کا آسکر ایوارڈ کوکو نامی فلم کو حاصل ہوا۔ اس سال اس ایوارڈ تقریب کی خصوصیت یہ رہی کہ اس میں دو عظیم ہندوستانی اداکاروں ششی کپور اور سری دیوی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ششی کپور کی انگریزی فلموں سے وابستگی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ آئیوری مرچنٹ پروڈکشن کے بیانر تلے ششی کپور کی کئی بہترین فلمیں جیسے دی ہاؤس ہولڈر، شیکسپیئر والا، دی گرو، بامبے ٹاکی اور ان کسٹڈی (محافظ) کے علاوہ خود ان کے پروڈکشن فلم والا کے بیانر تلے انہوں نے جنون، کل یگ اور اتسو جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔ گذشتہ سال 4 ڈسمبر کو ان کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا جبکہ 24 فروری کو دبئی میں سری دیوی کی اچانک موت نے سب کو سکتے میں ڈال دیا تھا۔ بالی ووڈ اداکار رشی کپور اور ودیابالن نے آسکر ایوارڈ تقریب میں ششی کپور اور سری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT