Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / آصف جاہ سابع کے کارناموں سے نوجوان نسل کو واقف کروانے کا اعلان

آصف جاہ سابع کے کارناموں سے نوجوان نسل کو واقف کروانے کا اعلان

نواب میر عثمان علی خاں کی برسی تقریب ، محمد محمود علی کا خراج و خطاب
حیدرآباد۔18اگست(سیاست نیوز) نظام ہشتم نواب میرعثمان علی خان کی پچاس ویں برسی کے موقع پر نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے مسجد جودی میںواقع مزار نواب میرعثمان علی خان پر حاضری دی اورچادر گل بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین کے علاوہ نگران کار مسجد جودی جناب محمد عبدالقیوم ‘ فضل جاہ بہادر‘ شہامت جاہ بہادر‘ سجا د جاہ بہادر‘ میلاد جاہ بہادر‘نوشاد جاہ بہادر‘سابق ریاستی وزیرکرشنایادو‘ عنایت علی‘ سید عباس‘ علی الدین‘ قاسم رضا’ سمیر یمنی اور دیگر بھی موجودتھے ۔ بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے آصف جاہ سابع کو دنیا کا سب سے عظیم اور سیکولر حکمران قراردیا او رکہاکہ آصف جاہی دور حکومت میں دکن کے ہندواورمسلمان نظام ہشتم کی دوآنکھوں کی طرح تھے ۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ آصف جاہ سابع کے دور حکومت میں منادر کو عاشور خانوں کو حکومت کے خزانوں سے عطیات کے علاوہ دنیا کے کسی بھی کونے میں قحط سالی یا پھر کوئی آسمانی آفات کا واقعہ پیش آتاتو سلطنت آصفیہ کی جانب سے وہاں پر امداد روانہ کی جاتی تھی۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ آصف جاہ سابع دنیا کے دولت مند ترین حکمرانوں میںتھے۔انہوں نے کہاکہ بہتر ریونیو اور بے مثال آبپاشی منصوبوں نے سلطنت آصفیہ کو دنیا کی ترقی یافتہ اور دولت مندریاستوں میںشمار کیاجاتا تھا اور وہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کا سرپلس بجٹ آصف جاہ سابع کا کارنامہ ہے ۔جناب محمدمحمودعلی نے آصف جاہ سابع کے کارناموں کو نوجوان نسلوں تک پہنچانے کے لئے ریاست کی نصابی کتابوں میں آصف جاہی دور حکومت کے کارناموں کو شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ آصف جاہ سابع کے متعلق چند گوشوں کی جانب سے کئے جانے والے پروپگنڈوں کو غلط ثابت کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے یہ اقدام اٹھایاجائے گا جس کا انتخابات کے دوران وعدہ بھی کیاگیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT