Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / آصف جاہ ششم محبوب علی پاشاہ کی سالگرہ

آصف جاہ ششم محبوب علی پاشاہ کی سالگرہ

دکن ڈیموکریٹک الائنس اور وائس آف تلنگانہ وفد کی چادر گل پیشکشی
حیدرآباد۔17اگست(سیاست نیوز) آصف جاہ ششم محبو ب علی پاشاہ کی 151ویں سالگرہ کے موقع پر دکن ڈیموکرٹیک الائنس او روائس آف تلنگانہ وفد نے مزار محبو ب علی پاشاہ واقع احاطہ مکہ مسجد پہنچ کر چادر گل پیش کی ۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی کے بعد ڈاکٹر کولیورو چرنجیوی کی قیادت میں ممتاز مورخ کیپٹن لنگالہ پانڈورنگا ریڈی‘ نجف علی خان‘ کے ایم عارف الدین ‘ جناب ضیا الدین نیئر‘ ثناء اللہ خان ‘ عبدالقدیر‘ محمد علی ‘ اسلم عبدالرحمن‘ ڈاکٹر لبنی ثروث‘ جسیون جیرات‘ سارہ ماتھیوز نے آصف جاہ ششم کے کارناموں کی ستائش کی ۔ ڈاکٹر چرنجیوی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو بہ نفس نفیس آصف جاہ ششم کی مزار پر حاضری دیتے ہوئے یہاں کے حالات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے کہاکہ آج تلنگانہ کی ترقی آصف جاہیوں کی مرہون منت ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ آندھرائی حکمرانوں نے تعصب کی وجہہ سے آصف جاہیو ںکے مقبروں کو نظر انداز کیا ۔مگرتلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی آصف جاہی مقبروں او ر یادگاروں کو نظر اندازکرنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس علیحدہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے پی وی نرسمہا رائو کی یوم پیدائش او روفات منانے کے لئے پیسے ہیںاور تلنگانہ کو مالیہ فراہم کرنے والے پراجکٹس تیار کرکے علاقہ تلنگانہ کو ترقی کی طرف لے جانے والے آصف جاہی حکمرانوں کی یوم پیدائش او روفات سرکاری طور پر منانے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔کیپٹن لنگالہ پانڈو رنگاریڈی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ آصف جاہ ششم کے مزار کے علاوہ مقبرے میںموجود آصف جاہی حکمرانوں ‘ سلاطین اور امرا ء کے مزاروں پر ناموں کی تختی لگانے کاکام کرے۔ انہوں نے مقبرہ کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری طور پر مقبرے کی مرمت کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT