آلیر پولیس انکاونٹر کے بعد عوام اور پولیس کے درمیان دوریاں

عوام دوست پولیس پراجکٹ کو دھکہ‘سٹی پولیس کمشنر مہیندرریڈی کو بھی رنج و ملال

عوام دوست پولیس پراجکٹ کو دھکہ‘سٹی پولیس کمشنر مہیندرریڈی کو بھی رنج و ملال
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی کے عوام دوست پولیس پراجکٹ کو دھکہ پہونچا ہے ۔ عوام کو پولیس سے قریب کرنے اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے میں مہندر ریڈی نے جو کوشش کی تھی وہ قریب ماند پڑتی نظر آرہی ہے اس تعلق سے شہر کے اعلی عہدیدا رجو مہندر ریڈی کے اس پراجکٹ کو پسند کرتے ہیں انہیں بھی کافی رنج و ملال ہوا ہے چونکہ ریاست تلنگانہ میں حالیہ پیش آئے واقعات بالخصوص آلیر انکاونٹر سے عوام اور پولیس میں دوری پیدا ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس انکاونٹر اور اس کے بعد شہر میں پولیس کے رول سے مہندر ریڈی کے پراجکٹ کو شدید نقصان ہوا ۔ سرکاری احکامات اپنی جگہ تاہم سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہندر ریڈی کا پراجکٹ اپنی جگہ وہ شہر کو سرکاری سوچ کے لحاظ سے ترقی دینا اور پرسکون ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں اس کے ایک حصہ کے تحت عوام کو پولیس سے قریب کرنے کی مثال اور منفرد اقدامات کو شروع کیا ۔ رات 12 بجے تک بازار کھلے رکھنے کی اجازت اور اس دوران کسی قسم کی کوئی گڑ بڑ ناخوشگوار واقعات پیش نہیں آئے ۔ مہندر ریڈی نے سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹس پر شہریوں کے بڑھتے رجحان اور استعمال کو دیکھ کر ان سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹس کا سہارا لیا اور نہ صرف عوام سے تعاون حاصل کیا بلکہ پولیس کی کارکردگی سے بھی عوام کو واقف کروانے کے اقدامات کا آغاز کیا ۔ مشورے شکایتوں کے علاوہ اپنے مسائل پیش کرنے کی بھی ان سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹس فیس بک ٹوئیٹر اور واٹس آپ کے ذریعہ اقدامات کئے ۔ اس کے علاوہ پولیس کے کردار کو عوام میں بحال کرنے کیلئے پولیس کارکردگی میں بہتری کا فیصلہ کیا ۔ اور نہ صرف معمول اور ہفتہ وصولی کو بند کیا بلکہ جبری اقدامات کو بھی بند کروادیا ان کے ان اقدامات کے سبب پولیس تک عوام کی پہنچ اور اعلی عہدیداروں تک عوام کی رسائی آسان ہوگئی تھی ۔ اب شہر میں کسی بھی پولیس عہدیدار یا ملازم سے بات کرنا عوام کیلئے مشکل نہیں بلکہ بہت ہی آسان کردیا گیا جس کے بہترین نتائج برآمد ہورہے تھے ۔ خود محکمہ کے نچلی سطح کے عہدیدار اس پراجکٹ سے خوش نہیں تھے ۔باوجود کمشنر کی ہدایت پر عمل آوری جاری تھی سب کچھ ٹھیک اور بہترین انداز سے جاری تھا کسی بھی پولیس عہدیدار سے رابطہ قائم کرنے پر پولیس عہدیدار عزت و احترام و خوش اخلاقی سے عوام سے پیش آرہے تھے ۔ پولیس کیلئے سڑکوں پر عوام کوغیر ضروری ہراساں و پریشان کرنا بھی ناممکن ہوگیا تھا ۔ پاسپورٹ ویریفیکیشن جیسے سنگین مسئلہ سے لیکر چھوٹی بڑی شکایت کمشنر کے پراجکٹ سے آسان اور سہل ہوگئی تھی تاہم اچانک اس انکاونٹر اور اس کے بعد پولیس کے رویہ سے حکومت بالحضوص مہندر ریڈی کے پراجکٹ کو شدید نقصان پہونچا اور ایک عرصہ تک تعلقات کو بحال کرنے کے بعد اس واقعہ سے عوام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT