Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / آل انڈیا مسلمس تھنک ٹینک اسوسی ایشن کی بنگلور میں کل ہند کانفرنس

آل انڈیا مسلمس تھنک ٹینک اسوسی ایشن کی بنگلور میں کل ہند کانفرنس

اسوسی ایشن سے فلاحی اسکیمات ، وفد کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : آل انڈیا مسلمس تھنک ٹینک اسوسی ایشن کل ہند سطح کی ایک فلاحی تنظیم ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے معاشی ، تعلیمی اور سماجی حالات کو سدھارتے ہوئے غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کو رضاکارانہ طور پر طبی ، تعلیمی اور معاشی امداد بہم پہنچانا اور حکومت کی مختلف اعانتی و بہبودی اسکیمات سے روشناس کرواتے ہوئے رہنمائی کرنا ہے ۔ ان کی شاخیں ہندوستان کی ہر ریاست میں قائم ہیں ۔ تلنگانہ چیاپٹر کے صدر ڈاکٹر انیس صدیقی کے مطابق اسوس ایشن کے زیر اہتمام ایک کل ہند کانفرنس شیواجی نگر بنگلور میں 15 اکٹوبر کو صبح دس بجے منعقد ہوگی ۔ جس میں مسلمانان ہند کے مذکورہ بالا مسائل پر غور کرتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا ۔ جنرل سکریٹری احمد اللہ قریشی نے دانشوران ملت سے التماس کیا کہ وہ اپنی گراں قدر آراء اور منصوبوں سے عہدیداران تنظیم کو مطلع فرمائیں ۔ اس کل ہند سطح کی کانفرنس میں صدر تلنگانہ چیاپٹر ڈاکٹر انیس صدیقی ، نائب صدر سید عصیم قریشی ، جنرل سکریٹری احمد اللہ قریشی اور سکریٹری توفیق احمد کو شرکت کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔ یہ چار رکنی وفد 14 اکٹوبر کو راجدھانی ایکسپریس سے بنگلور کے لیے روانہ ہوگا ۔ آل انڈیا مسلمس تھنک ٹینک اسوسی ایشن تلنگانہ چیاپٹر کے زیر نگرانی حالیہ عرصہ میں ایک فری میڈیکل کیمپ شمعون پیٹ ورنگل منعقد کیا گیا جس میں کم و بیش تین سو مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور پچاس ہزار مالیتی ادویات تقسیم کی گئیں ۔ اس کیمپ میں ڈاکٹر رضا ملک ماہر نفسیات ، ڈاکٹر کامران صدیقی ماہر امراض اطفال ، ڈاکٹر رعناصدیقی ماہر امراض نسواں نے دیگر ڈاکٹرس کے ہمراہ شرکت کی ۔ جناب عصیم قریشی نائب صدر تنظیم نے مستقبل کے منصوبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسوسی ایشن کی جانب سے سلم ایریا میں رہائش پذیر غربا کی اشتہا کا مداوا کرنے کے لیے ایک پراجکٹ کا بلیو پرنٹ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت ہوٹلس ، فنکشن ہالس اور دیگر نجی تقریبات سے غیر مستعملہ فاضل غذائی اشیاء حاصل کرتے ہوئے محفوظ طور پر غرباء تک پہنچایا جائے گا جس پر بعد کانفرنس عملدرآمد کیا جائے گا ۔ انہوں نے متمول افراد سے تعاون کی درخواست کی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT