Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / آملہ یا ڈوپلیسی ورلڈ الیون کے کپتان ہوں گے؟

آملہ یا ڈوپلیسی ورلڈ الیون کے کپتان ہوں گے؟

کراچی ۔22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم آملہ یا فاف ڈوپلیسی کو سونپی جا سکتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع نے کہا کہ آئندہ ماہ ستمبر میں ممکنہ طور پر پاکستان آنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کے فرائض ہاشم آملہ یا پھر فاف ڈوپلیسی انجام دے سکتے ہیں۔فاف ڈوپلیسی اس وقت جنوبی افریقہ کی ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بھی کپتان ہیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ، ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے مالی معاملات اور بیمہ کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔آئندہ چند دنوں میں جیسے ہی پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے طے کرلیے جائیں گے، ورلڈ الیون ٹیم اور اس کے کپتان کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔خیال رہے کہ ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اور مینیجر کی حیثیت سے زمبابوے کے اینڈی فلاور پاکستان آئیں گے جنہیں آئی سی سی نے یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں۔واضح رہے کہ دنیا کی 7 بہترین کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ’ورلڈ الیون‘ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دنیائے کرکٹ کے صف اول کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔دورہ پاکستان کے لیے انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے کھلاڑی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے، ان میں سابق کپتان برنڈن مکالم، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی، کیرن پولارڈ، ڈیرین براوو، انگلینڈ کے عادل رشید، بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال، زمبابوے کے سکندر رضا بٹ، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، عمران طاہر، افغانستان کے محمد نبی اور سری لنکا کے اپل تھرنگا شامل ہیں۔ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے بعد سری لنکائی ٹیم بھی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ ویسٹ انڈیز بھی پاکستان کا ممکنہ دورہ کر سکتی ہے جو دورہ ورلڈ الیون سے مشروط ہے۔

TOPPOPULARRECENT