Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / آم پکانے کیلئے ’’چائنا پاؤڈر‘‘ کا استعمال مضرت رساں

آم پکانے کیلئے ’’چائنا پاؤڈر‘‘ کا استعمال مضرت رساں

انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ، 8 مقامات پر پولیس کے دھاوے ، 1200 پیاکٹس ضبط
حیدرآباد۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر کیمیکلس کے ذریعہ آم پکائے جانے والے گوداموں پر ساؤتھ زون پولیس نے آج بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 8 مقامات پر دھاوا کیا اور کئی کیمیکلس کے پیاکٹس ضبط کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا کی زیرنگرانی 250 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس کی ٹیمیں جس میں تلنگانہ اسپیشل پولیس، سٹی آرمڈ ریزرو عملہ بھی شامل تھا، علاقہ مغل پورہ، میر چوک اور رین بازار میں کارڈن سرچ آپریشن کے دوران چائنا پاؤڈر (کیمیکل) کے ذریعہ پکائے جانے والے آم کے گوداموں پر دھاوے کئے۔ اس کارروائی میں پولیس نے چائنا پاؤڈر کیمیکل کے 1200 پیاکٹس برآمد کئے اور اس کاروبار میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ آم کا کاروبار کرنے والے تاجرین کتہ پیٹ مارکیٹ سے بھاری مقدار میں کچے آم خرید کر اسے بڑے گوداموں میں محفوظ کرتے ہوئے کیمیکل کے ذریعہ پکاکر اسے مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ہائیکورٹ اور حکومت نے بھی اس کیمیکل کے استعمال کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس قسم کے کاروبار میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ موسم گرما کے دوران آم کے سیزن میں مارکیٹ میں میوے کو جلد از جلد فروخت کرنے کے لئے اسے مصنوعی طور پر پکانے کیلئے مضر صحت کیمیکلس کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ میوہ کو پکانے کیلئے حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط موجود ہیں جس میں ایرکنڈشنر میں بعض مخصوص کیمیکلس کے ذریعہ آم پکانے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کاروبار میں ملوث ہونے والے 8 افراد کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 272، 273 اور 336 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کتہ پیٹ فروٹ مارکیٹ میں مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے راجیش نامی شخص بھاری مقدار میں چائنا پاؤڈر کیمیکل کو ذخیرہ کر رکھا ہے اور وہ آم کا کاروبار کرنے والے افراد کو یہ زہریلا کیمیکل فروخت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیش کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور اس کی تلاش کیلئے اے سی پی کی زیرنگرانی ایک ٹیم کو کتہ پیٹ فروٹ مارکیٹ روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ کیمیکل کو فارنسک لیباریٹری بھیجے جائے گا۔ ڈی سی پی نے مضر صحت کیمیکل کے ذریعہ آم پکانے والے افراد کو انتباہ دیا ہے کہ وہ عوام کی جانوں سے نہ کھیلیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سیکنڈ میٹرو پولیٹن سیشن جج رادھا کرشنا مورتی کیخلاف مقدمہ
حیدرآباد۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) ہائیکورٹ نے سیکنڈ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج ایس رادھا کرشنا مورتی کے خلاف ایک مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے منشیات کے ایک کیس میں پروفیسر کو ضمانت دینے کے معاملے میں مبینہ طور پر 7 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے انسداد رشوت ستانی بیورو نے ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لی ہے۔

TOPPOPULARRECENT