Friday , December 15 2017
Home / اضلاع کی خبریں / آنجہانی اے بھیم ریڈی کی خدمات ناقابل فراموش

آنجہانی اے بھیم ریڈی کی خدمات ناقابل فراموش

نرمل میں آئی و بلڈ کیمپ کا انعقاد، ڈاکٹر اے سورناریڈی کا خطاب
نرمل۔/19ستمبر، ( جلیل ازہر ) آنجہانی اے بھیم ریڈی سابق ڈپٹی اسپیکر میرے والد کی مثالی خدمات اس اسمبلی حلقہ میں آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔ ان کی غریب عوام سے بے پناہ محبت اور میری پرورش میں بھی انہوں نے مجھے ہمیشہ تاکید کیا کرتے تھے کہ بھگوان نے اگر کچھ دیا ہے تو غریب کو کبھی نہیں بھولنا چاہیئے۔ آنجہانی اے بھیم ریڈی کی آتما کو شانتی ملے اسی لئے میں نے حلقہ اسمبلی نرمل کے ہر علاقہ میں مسلسل فلاحی خدمات بالخصوص آئی کیمپ کا انعقاد عمل میں لارہی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار نرمل کی معروف ڈاکٹر اے سورنا ریڈی نے جو آنجہانی اے بھیم ریڈی کی دختر ہیں نے آج ان کے والد کی 24 ویں برسی کے موقع پر بلڈ کیمپ منعقد کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے والد کی سماجی، سیاسی خدمات کا بڑے ہی جذباتی انداز میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شعور کی منزلوں میں قدم بھی نہیں رکھا تھا اس علاقہ کی عوام ہر مسئلہ کی یکسوئی کیلئے میرے والد سے رجوع ہوتے تھے اور میرے والد نے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیا تھا۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں میرے والدین کی دعاؤں اور ان کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ میں نے بھی عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت اس مشن کو جاری رکھا اور بھیم ریڈی ٹرسٹ کے بیانر تلے مختلف منڈلوں میں یہ ٹرسٹ خدمات انجام دے رہا ہے۔ آج اس بلڈ کیمپ پر بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے خون کا عطیہ دے کر مجھے حوصلہ بخشا میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں ان نوجوانوں کا شکریہ ادا کرسکوں۔ سورنا ریڈی نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی نرمل کے تمام طبقات کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر اے سورنا ریڈی کی فلاحی خدمات کا سلسلہ گزشتہ تین سال سے بہت زیادہ زور پکڑ رہا ہے۔ اس بات کے واضح اشارہ مل رہے ہیں کہ اے سورنا ریڈی عام انتخابات میں مقابلہ کیلئے اپنا ذہن بناچکی ہیں اس لئے رات دن عوام کے درمیان رہتے ہوئے فلاحی خدمت کررہی ہیں۔ آج آنجہانی اے بھیم ریڈی کی 24 ویں برسی پر بڑی تعداد میں نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT