Tuesday , December 18 2018

آندھراپردیش اور تلنگانہ میں شدید ترین گرمی کی لہر، جملہ 225 اموات

حیدرآباد /22 مئی ( این ایس ایس ) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں تین دن سے جاری شدید ترین گرمی کی لہر کے نتیجہ میں تاحال 225 افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ جن میں تلنگانہ کے 147 اور آندھراپردیش کے 78 افراد شامل ہیں ۔ دونوں ریاستوں میں درجہ حرارت میں برخلاف معمول ہولناک اضافہ، جھلسا دینے والی گرمی اور شدید لو کے سبب روز مرہ کے معمول تقریباً درھم برہم ہو

حیدرآباد /22 مئی ( این ایس ایس ) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں تین دن سے جاری شدید ترین گرمی کی لہر کے نتیجہ میں تاحال 225 افراد فوت ہوچکے ہیں ۔ جن میں تلنگانہ کے 147 اور آندھراپردیش کے 78 افراد شامل ہیں ۔ دونوں ریاستوں میں درجہ حرارت میں برخلاف معمول ہولناک اضافہ، جھلسا دینے والی گرمی اور شدید لو کے سبب روز مرہ کے معمول تقریباً درھم برہم ہوگئے ۔ بالخصوص رکشاراں ، محنت کش اور سڑکوں پر رہنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ۔ تلنگانہ میں گذشتہ چار دن سے شدید ترین گرمی کی لہر جاری ہے ۔ اس ریاست کے تمام 10 اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس یا اس سے زائد رہا ۔ حیدرآباد میں جمعہ کو صبح 9.30 بجے ہی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ نظام آباد ، نلگنڈہ اور راماگنڈم میں آج صبح سے ہی درجہ حرارت 47 ڈگری سنٹی گریڈ رہا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ گرمی کی لہر آئندہ تین دن تک شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ گرمی کی لہر جھلسا دینے والی دھوپ اور ناقابل برداشت لو کے ساتھ گرم ہواؤں کے نتیجہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی شہروں اور ٹاونس میں مصروف ترین سڑکیں آج بھی سنسان نطر آئیں ۔ عوام نے دھوپ اور گرمی سے بچنے کیلئے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی ۔ گنے کا رس ، نارائل پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروب فروخت کرنے والوں نے آج خوب کاروبار کیا ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اپنے روز مرہ کے موسمی خبرنامہ میں تلنگانہ کے بارے میں کہا کہ اس ریاست میں عام طور پر خشک موسم رہے گا ۔ عادل آباد ، ورنگل ، حیدرآباد ، کھمم ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، نظام آباد ، کریم نگر کے اکثر مقامات پر گرمی کی لہر کے ساتھ شدید موسمی حالات برقرار رہیں گے ۔ کھمم ، نلگنڈہ ، نظام آباد اور راماگنڈم ، تلنگانہ کے گرم ترین مقامات رہے ۔ جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ عادل آباد ، محبوب نگر اور ہنمنکنڈہ میں 45 ڈگری سنٹی گریڈ ، حیدرآباد میں 44 ، میدک میں 43 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ پی ٹی آئی کے مطابق حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں گرمی کی لہر اتوار تک جاری رہے گی ۔ حیدرآباد میں اگرچہ مطلع ابرآلود رہے گا ۔ اس کے باوجود درجہ حرارت میں فی الحال کمی کا امکان نہیں ہے ۔ آندھراپردیش کے کئی شہروں اور ٹاونس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 اور 45 ڈگری سنٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ۔ ٹونی میں 44 ڈگری ، راجمندری میں 43، اور کاکیناڈا میں درجہ حرارت 42 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ مشرقی گوداوری میں گذشتہ تین دن کے دوران لو لگنے سے آٹھ افراد فوت ہوگئے ۔ سریکاکلم میں چھ اور وجیانگر میں پانچ اموات ہوئے ہیں ۔ موسمی شدت کے سبب دونوں شہروں حیدرآباد کی اکثر بڑی سڑکیں سنسان نظر آئیں ۔ شہریوں نے گرمی سے بچنے کیلئے اکثر وقت گھروں پر گذارا ۔ شام اور رات کے دوران بھی حبس کے ساتھ گرمی برقرار رہی اور شدید موسم سے شہریوں کو کوئی راحت نہ مل سکی ۔

TOPPOPULARRECENT