Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشنوں کی تقسیم پر کمیٹی تشکیل

آندھراپردیش اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشنوں کی تقسیم پر کمیٹی تشکیل

ملازمین اور اثاثہ جات پر بھی فیصلہ باقی، اے پی حکومت کی رکاوٹ برقرار

ملازمین اور اثاثہ جات پر بھی فیصلہ باقی، اے پی حکومت کی رکاوٹ برقرار
حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے پبلک سرویس کمیشنوں کے درمیان عہدیداروں، ملازمین اور عمارت کی تقسیم کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے مطابق تلنگانہ میں علحدہ پبلک سرویس کمیشن قائم کیا گیا تاہم دونوں ریاستوں کے درمیان ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کا عمل باقی ہے۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے اسپیشل سکریٹری جی اے ڈی تلنگانہ اور سکریٹری جی اے ڈی آندھرا پردیش پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کے سلسلہ میں باہم مشاورت اور تنظیم جدید بل کے مطابق فیصلے کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے قیام کے بعد سے تلنگانہ حکومت کمیشن کیلئے ملازمین کے الاٹمنٹ کا مطالبہ کررہی ہے۔ حکومت نے شکایت کی کہ آندھرا پردیش حکومت جان بوجھ کر تاخیر کررہی ہے جس سے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا کام متاثر ہورہا ہے۔ غیر منقسم آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن میں عہدیداروں اور ملازمین کی جملہ تعداد 261 ہے جو یکم جون 2014 سے شمار کئے جارہے ہیں، ان میں ایڈیشنل سکریٹری ایک، ڈپٹی سکریٹری4، اسسٹنٹ سکریٹری 24، اکاؤنٹس آفیسر ایک، سیکشن آفیسر 81، ڈپٹی اسٹائٹیسٹکل آفیسر ایک، اے ایس او 59، جونیر اسسٹنٹ 56، ریکارڈ اسسٹنٹ 6، آفس سب آرڈینیٹ 20 اور دوسرے شامل ہیں۔ ان میں تلنگانہ کے متوطن ملازمین اور عہدیداروں کی تعداد 123ہے جبکہ آندھرا سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد 137 ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والوں میں ڈپٹی سکریٹری ایک، اسسٹنٹ سکریٹری6 ، اکاؤنٹس آفیسر ایک، سیکشن آفیسر 26، اے ایس او 31، جونیر اسسٹنٹ 24، ریکارڈ اسسٹنٹ 6، آفس سب آرڈینیٹ 20اور دیگر 13ملازمین شامل ہیں جبکہ آندھرا سے تعلق رکھنے والوں میں ایڈیشنل سکریٹری ایک، ڈپٹی سکریٹری 3، اسسٹنٹ سکریٹری18، سیکشن آفیسر 54، اے ایس او 28، جونیر اسسٹنٹ 32 اور ایک ڈپٹی اسٹائٹیسٹکل آفیسر شامل ہے۔ حکومت آندھرا پردیش نے عہدیداروں ، ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے تک تلنگانہ کی وطنیت رکھنے والے عہدیداروں اور ملازمین کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عہدیداروں کی کمیٹی ریٹائرڈ ملازمین کی تقسیم کے بارے میں بھی فیصلہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT