Saturday , October 20 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ، این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تبدیل

آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ، این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تبدیل

رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی روجا کا الزام
حیدرآباد ۔ /10 نومبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی روجا نے آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کو این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روجا نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تلگودیشم کو شکست ہوجانے کا چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو یقین ہے ۔ اس لئے تلگودیشم پارٹی اسمبلی میں اپوزیشن کا رول بھی خود ہی نبھارہی ہے ۔ تلگودیشم کے دور حکومت میں ایک بھی وعدہ پورا نہ کرنے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ کسانوں کے قرض معاف نہیں ہوئے ۔ بنکوں میں بطور ضمانت رکھا گیا سونا کسانوں کے گھر نہیں پہونچا ۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کیا گیا ۔ بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ نہیں ملا ۔ چندرا بابو نائیڈو بطور چیف منسٹر جمہوری اقدار کا خون کررہے ہیں ۔ دستور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے 23 ارکان اسمبلی کو تلگودیشم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ انہیں دولت اور عہدوں کی لالچ دیتے ہوئے سیاسی انحراف کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اسمبلی اجلاس کا مشروط بائیکاٹ کیا ہے ۔ اگر اسپیکر اسمبلی انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے تو وائی ایس آر کانگریس پارٹی اسمبلی اجلاس میں ضرور حاضر ہوتی تھی ۔ اسپیکر اسمبلی کے شیوپرساد مسئلہ سپریم کورٹ میں زیردوراں ہونے کا بہانہ کررہے ہیں ۔ جبکہ سپریم کورٹ نے ان کے (روجا) کے معاملے میں معطلی بحال کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کو اسپیکر اسمبلی نظر انداز کرچکے ہیں ۔

 

TOPPOPULARRECENT