Saturday , November 17 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش میں حج کیلئے درخواستوں کی وصولی

آندھراپردیش میں حج کیلئے درخواستوں کی وصولی

آن لائین داخل کرنے صدرنشین مومن احمد حسین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش حج کمیٹی کے صدرنشین مومن احمد حسین نے آندھرا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ 17 نومبر سے قبل حج 2019 ء کے لئے اپنے درخواست فارمس آن لائین داخل کردیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 17 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 500 سے زائد عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ روانہ ہوئے تھے اور خانگی آپریٹرس سے روانگی کی صورت میں فی عازم تقریباً 4 لاکھ روپئے کا خرچ آتا ہے جبکہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانگی کی صورت میں صرف ڈھائی لاکھ روپئے خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نے حج کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ وہ حج کمیٹی سے روانگی کو ترجیح دیں۔ گزشتہ سال آندھراپردیش کو تقریباً تین ہزار عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے سبسیڈی کی برخواستگی اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے سبب عازمین کے خرچ میں اضافہ ہوا اور گزشتہ سال الاٹ کردہ مکمل کوٹہ پر نہیں ہوسکا۔ مومن احمد حسین نے کہا کہ تلنگانہ سے بڑی تعداد میں مسلمان حج درخواستیں داخل کرتے ہوئے مقررہ کوٹہ سے زیادہ روانہ ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں توقع کے مطابق درخواستوں کی عدم وصولی مسلمانوں کی کمزور معیشت کا نتیجہ ہے۔ آندھراپردیش سے تین ہزار افراد کی روانہ کی گنجائش ہے۔ خواہش مند افراد کو چاہئے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ زندگی میں صرف ایک مرتبہ فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت ہے۔ درخواست گزاروں کیلئے ضروری ہے کہ ان کے پاسپورٹ 31 جنوری 2020 ء تک برقرار رہیں۔ 70 سال سے زائد عمر کے افراد کو محفوظ زمرہ میں منتخب کرلیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT