Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع

آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع

آسٹریلیائی کمپنیوں کو دعوت، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی وزیر تجارت اینڈریوراب سے ملاقات

آسٹریلیائی کمپنیوں کو دعوت، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی وزیر تجارت اینڈریوراب سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 12 جنوری (پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سرمایہ کاری کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی نئی صنعتی پالیسی کے تحت سنگل ڈیسک کے ذریعہ سرمایہ کاری تجاویز کو منظوری دی جائے گی۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز (سی آئی آئی) کے زیراہتمام ہندوستان ۔ آسٹریلیا چوٹی اجلاس منعقدہ دہلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھراپردیش انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ریاست ہے۔ یہاں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات پر مبنی خصوصی پیاکیج کی توقع ہے۔ چیف منسٹر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 2029ء تک آندھراپردیش تمام شعبوں میں غیرمعمولی ترقی کرے گی۔ اس لحاظ سے آسٹریلیا کی کمپنیوں کیلئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کا یہ صحیح وقت ہے۔ بعض شعبے جیسے توانائی، کانکنی، وسائل، انفراسٹرکچر، فینانشیل سرویسیس، فوڈ سیکوریٹی، زراعت، واٹر مینجمنٹ، تعلیم ، سیاحت اور صحت، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی شعبوں میں سرمایہ کی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت وشاکھاپٹنم اور کاکی ناڈا کے مابین 603 مربع کیلو میٹر علاقہ کو پٹرولیم اور پیٹرو کیمیکل انوسٹمنٹ ریجن کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھاپٹنم ۔ چینائی صنعتی راہداری سے مختلف شعبوں کو فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ نئی ریاست آندھراپردیش ملک میں ذرائع حمل و نقل کے مرکز کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے کیونکہ اس کا محل وقوع ملک کے مشرقی ساحل پر واقع ہے اور ہمارے لئے یہ مثبت پہلو ہے۔ چیف منسٹر نے آسٹریلیا کے وزیرتجارت و سرمایہ کاری اینڈریو راب سے بھی ملاقات کی۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر متعینہ ہند مسٹر پیٹرک سکلنگ نے بتایا کہ آسٹریلیا اور آندھراپردیش کے مابین روابط میں کافی بہتری آرہی ہے اور آج وزیرتجارت آسٹریلیا کے ساتھ ملاقات کے دوران تجارت و باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آسٹریلیا کے قونصل جنرل برائے جنوبی ہند مسٹر سین کیلی نے بتایا کہ آندھراپردیش کا نیا دارالحکومت وجئے واڑہ میں قائم ہورہا ہے اور اس معاملہ میں آسٹریلیا کس طرح مدد کرسکتا ہے، اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقی، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ میں آسٹریلیا کے پاس کافی تجربہ ہے اور ہم اپنی ماہرانہ خدمات کے ذریعہ آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں تعاون کے خواہاں ہے۔ مسٹر اینڈریو راب اس وقت ہندوستان میں آسٹریلیا بزنس ویک کے سلسلہ میں وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ تقریباً 450 وفود جن کا تعلق آسٹریلیا کی کمپنیوں اور اداروں سے ہے، ہندوستانی ہم منصب سے ملاقات کررہی ہیں تاکہ آسٹریلیا۔ ہندوستان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT