Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش میں طلبہ کی تعلیمی ترقی کیلئے اسکیمات پر عمل آوری

آندھراپردیش میں طلبہ کی تعلیمی ترقی کیلئے اسکیمات پر عمل آوری

پیشہ ورانہ کالجس کو ادا شدنی بقایہ جات کی ادائیگی پر توجہ

پیشہ ورانہ کالجس کو ادا شدنی بقایہ جات کی ادائیگی پر توجہ
حیدرآباد ۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش کی جانب سے طلبہ کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے جاری اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے سلسلہ میں سرکاری ہدایات کے مطابق عہدیدار عمل کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش میں موجود خانگی پروفیشنل کالجس کو ادا شدنی بقایہ جات کی فی الفور اجرائی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی جانب سے سابقہ حکومت کی جانب سے جو بقایہ جات ادا شدنی تھے منقسم ریاست آندھراپردیش میں ان کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ذریعہ طلبہ کی تعلیمی ترقی پر توجہ مبذول کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے خانگی تعلیمی اداروں کو حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے مطابق مراعات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ادا شدنی رقومات جو کہ خانگی تعلیمی اداروں کو فیس باز ادائیگی اسکیم کے تحت ادا کرنے تھے ان کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست آندھراپردیش میں فیس باز ادائیگی اسکیم پر جوں کا توں عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ طلبہ کو ریاست آندھراپردیش میں حصول تعلیم کیلئے راغب کروانے کے اقدامات کے طور پر تمام منصوبہ جات کو قابل عمل بنایا جائے۔ حکومت آندھراپردیش نے جاریہ تعلیمی سال کے آغاز کے اندرون تین ماہ اسکالر شپس و فیس باز ادائیگی کیلئے درخواستوں کی وصولی کی تواریخ کا اعلان کردیا ہے اور درخواستوں کی وصولی کے بعد آخری تاریخ پر درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ بھی ختم کردیا ہے۔ تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ حکومت کی جانب سے کئے گئے اس اقدام سے طلبہ میں حکومت آندھراپردیش کے تعلیمی منصوبہ پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت آندھراپردیش کی جانب سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم یقینی بنانے کے وعدہ پر عوام بھروسہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے بموجب ریاست آندھراپردیش میں مفت تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نہ صرف اعلیٰ تعلیمی کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ مشاورت کرے گی بلکہ گریجویشن سطح کے آگے بھی حصول علم کیلئے کوشاں نوجوانوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے کا منصوبہ تیار کرے گی۔ حکومت آندھراپردیش ریاست کے 13 اضلاع میں موجود نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے انہیں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے جبکہ حکومت ان نوجوانوں کی بہتر تعلیم میں معاشی حالات کو رکاوٹ بننے نہیں دے گی۔

TOPPOPULARRECENT