Tuesday , December 19 2017
Home / Top Stories / آندھراپردیش میں طوفانی بارش‘ عام زندگی مفلوج

آندھراپردیش میں طوفانی بارش‘ عام زندگی مفلوج

نشیبی علاقے زیرآب‘ دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ‘تلنگانہ میں بوندا باندی
حیدرآباد ۔16نومبر ( سیاست نیوز/ پی ٹی آئی) شمال مشرقی مانسون کے اثر سے آندھراپردیش کے کئی اضلاع میں گذشتہ دو دن سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں اور سیلاب جیسی صورتحال نے عام زندگی کو عملاً مفلوج کردیا ہے ۔ اضلاع چتور ‘کڑپہ‘ نیلور اور پرکاشم میں گذشتہ دو روزہ طوفانی بارش ہوئی ۔ لارڈ وینکٹیشورا مندر کے قریب تروملا تروپتی پہاڑیوں کے ذخائر آب میں کافی پانی جمع ہوگیاہے اور قلت آب کے اندیشوں سے خوفزدہ عوام نے راحت کی سانس لی ہے ۔ چتور اور دیگر اضلاع میں کئی نشیبی علاقوںمیں برساتی پانی جمع ہوگیا ۔ کئی ندیوں ‘ نالوں اور تالابوں کی سطح آب میں بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کے سبب گاڑیوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ متاثرین کوحکومت کی طرف سے ممکنہ مدد پہنچائی جارہی ہے ۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کا بشرط ضرورت تخلیہ کیا جائے گا ۔ سیاست نیوز کے بموجب محکمہ موسمیات نے ساحلی آندھراپردیش اور رائلسیما میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ آئندہ دو دن کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر اوسط یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر سے ٹاملناڈو ‘ کرناٹک اور آندھراپردیش میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ کے موسم میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج سرد ہواؤں کے ساتھ مطلع ابرآلود رہا ۔ تلنگانہ کے بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی ہوئی اور دیگر حصوں میں موسم خشک رہا ۔

TOPPOPULARRECENT