Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش میں گاندھی جینتی پر فلاحی اسکیمات کی بارش

آندھراپردیش میں گاندھی جینتی پر فلاحی اسکیمات کی بارش

انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے 2اکٹوبر سے متعدد اسکیمات پر عمل آوری‘ آئی کابینہ کے اجلاس میں چندرا بابو نائیڈو کا فیصلہ

انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے 2اکٹوبر سے متعدد اسکیمات پر عمل آوری‘ آئی کابینہ کے اجلاس میں چندرا بابو نائیڈو کا فیصلہ
حیدرآباد۔15ستمبر ( سیاست نیوز) آندھراپردیش میں اس سال گاندھی جینتی کی سالانہ یاد کے موقع پر فلاحی اسکیمات کی بارش ہوگی۔آندھراپردیش کابینہ نے 2اکٹوبر سے مختلف اسکیمات و پروگرامس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کئے ہوئے وعدوں اور تیقنات پر مبنی ہیں ۔ بالخصوص 2اکٹوبر سے آندھراپردیش کے عوام ‘ آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین بشمول مسلمہ صحیفہ نگاروں کیلئے این ٹی آر آروگیہ سیوا پروگرام ‘ معمر ‘ جسمانی معذورین و دیگر کیلئے پنشن ( وظائف) اسکیم اور این ٹی آر سوجلاسراونتی اسکیم کو 175اسمبلی حلقہ جات میں پہلے مرحلے کے تحت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج یہاں سکریٹریٹ آندھراپردیش میں وزیراطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر نارائنا کے ساتھ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ فیصلوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ آج چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں اے پی کابینہ کا آئی پیڈ کے ساتھ ای ۔کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جو کہ بتایا جاتا ہیکہ زائد از چار گھنٹے جاری رہا ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا آئی پیڈ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا اور اس طرح کا ای کابینہ کا اجلاس طلب کرنے کا سہرا ملک بھر میں چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے سر جاتا ہے ۔ اس طرح مسٹر چندرابابو نائیڈو نے ملک گیر سطح پر ایک نیا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے کہا کہ آندھراپردیش اڈوائیزری کمیونکیشن کیلئے 8جائیدادوں کی منظوری کابینہ میں دی گئی ۔ اس کے علاوہ سابق میں مقننہ کمیٹیوں کیلئے درکار 83 مختلف زمروں کے اسٹاف کے تقررات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اب تک ہوئے تقررات کی توثیق کی ۔ علاوہ ازیں آندھراپردیش کابینہ نے سابق میں جن انتہا پسندتنظیموں بشمول ماؤسٹوں نکسلائٹس پر عائد پابندی کو مزید ایک سال کیلئے توسیع کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ اے پی کابینہ نے معمر و جسمانی معذورین و دیگر طبقات کیلئے وظائف کی درخواستیں حاصل کرنے کیلئے 19ستمبر کا 21ستمبر تک اہل افراد کی درخواستیں وصول کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں انتخابی منشور میں جو وعدے و تیقنات دیئے گئے ان پر عمل آوری کرنے کے اقدامات کرنے کا کابینہ میں فیصلہ کیا گیا اور جو بھی پنشن حکومت کی جانب سے دی جارہی ہے اور وظائف ( پنشن) کی رقم میں اضافہ نہ کرنے کا بھی کابینہ نے فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے تین مقامات اننت پور ضلع کے این پی کنٹہ منڈل میں 1000میگاواٹ سولار برقی پیداواری یونٹ کا قیام عمل میں لانے کیلئے 5500 ایکڑ اراضی ‘ ضلع کرنول کے پانیم میں سولار برقی پلانٹ قائم کرنے 5000ایکڑ اراضی ‘ ضلع کڑپہ کے گالی ویڈو کے مقام پر سولار برقی یونٹ قائم کرنے کیلئے 3000 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا کابینہ میں فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ریاست آندھراپردیش میں 7مختلف مشین ایک ماہ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT