آندھراپردیش کو خصوصی موقف کیلئے جدوجہد مرن برت کرنے تلگو فلم اسٹار شیواجی کا اعلان

حیدرآباد /14 مارچ ( سیاست نیوز ) ممتاز تلگو فلم اسٹار شیواجی نے مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے سے متعلق دئے گئے تیقنات کی روشنی میں جاریہ پارلیمنٹ سیشن میں آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف دینے کا اعلان نہ کئے جانے کی صورت میں فوری طور پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ( مرن برت ) شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ وجئے واڑہ میں خصوصی موقف کے حصول کیلئے تشکیل دی گئی سادھنا سمیتی قائدین کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر شیواجی نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ صدر حصول خصوصی موقف سادھنا سمیتی مسٹر سی سرینواس ریاستی سکریٹری سی پی آئی کمیٹی آندھراپردیش مسٹر راما کرشنا نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف حاصل کرنے کیلئے جاری جدوجہد میں مزید شدت پیدا کرنے کیلئے جاریہ ماہ 19 مارچ کو ریاست کے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ۔ ان قائدین نے ریاستی بی جے پی قیادت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ علاقہ رائلسیما کے تعلق سے بات کرنے کا بی جے پی قائدین کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔

جگن کی پدیاترا ، 1500 کیلومیٹر کا فاصلہ مکمل
حیدرآباد /14 مارچ ( سیاست نیوز ) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی پد یاترا کے ذریعہ آج 1500 کیلومیٹر کا فاصلہ مکمل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع گنٹور کے پولور منڈل حدود میں واقع موضع کو پہونچکر اپنی جاری سنکلپ یاترا کے ذریعہ پد یاترا کے کیلومیٹر مکمل کرلئے ۔ وائی ایس آر کانگریس اپرٹی ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ کی گلپوشی کرکے اپنے والد و سابق چیف منسٹر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور پھر وہاں پر اپنی پد یاترا کی یادگار کے طور پر مسٹر جگن موہن ریڈی نے ایک پودا لگایا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گنٹور حلقہ لوک سبھا وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد آر وینکٹ رمنا ، ایل سری کرشنا دیوارئیلو ، سابق وزیر و قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر پوتہ ستیہ نارائنا کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔

چندرا بابو کی تائید میں طلبہ کی دستخطی مہم
اے پی کیساتھ امتیازی سلوک کرنے کا مرکز پر الزام
حیدرآباد /14 مارچ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے علاوہ فنڈز کی فراہمی میں ریاست کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کے مطالبہ پر جاری جدوجہد کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مختلف کالجوں کے طلباء نے اہم شاہرہ پر دستخطی مہم منظم کی ۔ اور چیف منسٹر کی تائید میں ’’ وی سپورٹ یو سی ایم سر‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ طلبا ء نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کا قد آور پورٹریٹ ساتھ رکھ کر دستخطی مہم چلائی ۔ اس موقع پر ریاستی تلگو یووتا سکریٹری بی چندرا بابو نے خطاب کرتے ہوئے ریاستی عوام کے جذبات و احساست کو نقصان پہونچانے کیلئے اقدامات کرنے کا مرکز میں بی جے پی زیر قیادت حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کے علاوہ چھوٹی نظر سے دیکھ رہی ہے ۔ لیکن طلباء خود ریاست کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرنے کا اظہار کیا ۔

TOPPOPULARRECENT