آندھراپردیش کی تمام گرام پنچایتوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا عزم

وزارت میں شمولیت پر چیف منسٹر چندرا بابو سے اظہار تشکر ، نارا لوکیش کا اسمبلی میں پہلی مرتبہ خطاب
حیدرآباد ۔ /10 نومبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج آندھراپردیش نارا لوکیش نے انہیں کابینہ میں شامل کرنے پر اپنے والد اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا ۔ آج نارا لوکیش نے پہلی مرتبہ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے گرام پنچایتوں کو تمام مکمل بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں صرف 472 گرام پنچایتوں کیلئے ذاتی عمارتیں تعمیر کی گئی تھیں ۔ تلگودیشم کے ساڑے تین سالہ دور حکومت میں 1628 گرام پنچایتوں کیلئے ذاتی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ دیہی علاقوں کو ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ 2019 ء تک تمام گرام پنچایتوں کیلئے ذاتی عمارتیں تعمیر کروائی جائیں گی ۔ دیہی علاقوں میں ایل ای ڈی بلبس سے روشنیوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ ہر گاؤں میں سمنٹ کی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔ پینے کے پانی کی قلت کو دور کیا جائے گا ۔ عوام کو صاف ستھرا پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ نارا لوکیش نے کہا کہ حیدرآباد 10 سال تک دونوں تلگو ریاستوں کا مشترکہ صدر مقام ہونے کے باوجود اپنی سرزمین سے نظم و نسق چلانے کیلئے آندھراپردیش پہونچ چکے ہیں ۔ مختصر عرصے میں اسمبلی سکریٹریٹ و دوسرے دفاتر قائم کرنے پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا ۔ نارا لوکیش نے سینئر قائدین کے درمیان بات کرنے کا موقع فراہم ہونے پر بھی مسرت کا اظہار کیا ۔ پہلی مرتبہ اسمبلی میں ارکان کے سوالات کا مکمل جوابات دینے پر نارا لوکیش کی زبردست ستائش کی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT