Sunday , April 22 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین کو گرانی الاؤنس

آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین کو گرانی الاؤنس

نئے سال کا تحفہ ‘ اپریل میں جاری کرنے کا تیقن : چیف منسٹر
حیدرآباد۔21جنوری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی سرکاری ملازمین کو نئے سال کے تحفہ کی شکل میں گرانی الاؤنس ( ڈی اے ) میں اضافہ کی خوشخبری دی ہے ۔ الاؤنس کی رقومات ماہ اپریل سے جاری کی جائیں گی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاستی سرکاری ملازمین کے گرانی الاؤنس میں اضافہ کے نتیجہ میں حکومت پر 1100 کروڑ روپئے کا مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ اس کے باوجود چیف منسٹر نے مالی بوجھ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے محض ریاستی سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی گرانی الاؤنس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں آوٹ سورسنگ کے تحت خدمات انجام دینے والے ملازمین ( اسٹاف) کی تنخواہوں میں 50فیصد تک اضافہ کرنے کے فیصلہ سے 484 آوٹ سورسنگ ملازمین کو فائدہ پہنچے گا ۔ وزیر فینانس مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے ریاستی کابینہ کے فیصلوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ ان کی قیادت میں ایک کابینی ذیلی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق سرکاری ملازمین کو زمروں میں تقسیم کر کے تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے سال 2016 ماہ اگست میں حکومت نے جی او نمبر 151 جاری کیا تھا لیکن اس اقدام سے صرف چند افراد کو اس سے فائدہ ہوسکا جبکہ دو زمروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو اس وقت تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوسکا ۔ لہذا ان تمام حالات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے محکمہ فینانس نے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد کا اضافہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT