Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی

آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی

زائد کوٹہ کے عازمین کی ممبئی سے پرواز کا انتظام

زائد کوٹہ کے عازمین کی ممبئی سے پرواز کا انتظام
حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین حج کا قافلہ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے جدہ روانہ ہوا۔ اس قافلہ میں350عازمین شامل ہیں جن کا تعلق آندھرا پردیش کے اضلاع سے ہے۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوچکا ہے اور 27ستمبر تک آندھرا پردیش کے قافلے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے اس قافلہ کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ عازمین کو حج ہاوز نامپلی سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لے جایا گیا۔ آج کے قافلہ کی روانگی کے بعد حج کمیٹی کے ذریعہ جدہ پہونچنے والے عازمین کی تعداد 4100 ہوچکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تمام عازمین حج عمرہ سے فراغت کے بعد عبادتوں میں مصروف ہیں اور تمام خیریت سے ہیں۔ اب مزید 6قافلوں کی روانگی باقی ہے۔ مولانا ومیض احمد ندوی استاد حدیث دارالعلوم حیدرآباد نے عازمین حج سے خطاب کیا اور حج و عمرہ کے فضائل بیان کئے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ خشوغ و خضوع کے ساتھ عبادتوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مقامات مقدسہ پر آداب و احترام کا لحاظ ضروری ہے۔ کل 24ستمبر کو 300عازمین پر مشتمل قافلہ رات 10:30بجے روانہ ہوگا جس میں کرنول کے 141، نیلور 91، پرکاشم 63 اور مغربی گوداوری کے 27عازمین شامل ہوں گے۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی سے 997 ویٹنگ لسٹ تک عازمین حج کے سفر کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے زائد عازمین کو ممبئی سے روانہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 28ستمبر کی آخری فلائیٹ کے بعد تقریباً 70مزید عازمین کی روانگی باقی رہے گی، ان کے لئے علحدہ فلائیٹ کا انتظام ممکن نہیں ہے لہذا ممبئی سے انہیں روانہ کیا جائے گا۔ ایسے عازمین کو 26ستمبر کو ممبئی حج ہاوز رپورٹنگ کرنا ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کے بھی زائد کوٹہ کے عازمین کیلئے ممبئی سے پرواز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی عازمین حج کی ممبئی روانگی کیلئے ٹرین میں خصوصی بوگی کے انتظام کے سلسلہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حکام سے رجوع ہوچکی ہے۔ اس طرح 29ستمبر کو ہندوستانی عازمین حج کا آخری قافلہ روانہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT