Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کے عوام ذہنی طور پر منقسم ، اب ساتھ رہنا مشکل

آندھراپردیش کے عوام ذہنی طور پر منقسم ، اب ساتھ رہنا مشکل

حیدرآباد۔/14فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشما سوراج سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کی اپیل کی۔ پروفیسرکودنڈا رام کی قیادت میں تلنگانہ جے اے سی اور ملازمین جے اے سی کے قائدین نے سشما سوراج کو پارلیمنٹ میں کل تلنگانہ بل کی پیشکشی کے م

حیدرآباد۔/14فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشما سوراج سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کی اپیل کی۔ پروفیسرکودنڈا رام کی قیادت میں تلنگانہ جے اے سی اور ملازمین جے اے سی کے قائدین نے سشما سوراج کو پارلیمنٹ میں کل تلنگانہ بل کی پیشکشی کے موقع پر سیما آندھرا قائدین کی جانب سے کی گئی حرکتوں سے واقف کرایا اور کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد تلنگانہ بل کی پیشکشی کو روکنا تھا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ آندھرا پردیش میں عوام ذہنی طور پر منقسم ہوچکے ہیں ساتھ ہی ساتھ سیاسی جماعتوں میں بھی قائدین علاقہ کی بنیاد پر منقسم ہوگئے ہیں، لہذا اب آندھرا پردیش کو متحد نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی برقراری کیلئے ضروری ہے کہ ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے۔

جے اے سی قائدین نے گزشتہ 50برسوں کے دوران طویل جدوجہد اور طلباء و نوجوانوں کی قربانیوں کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا حکمرانوں نے ہر شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ اب جبکہ لوک سبھا میں تلنگانہ بل پیش کیا جاچکا ہے لہذا بی جے پی کو چاہیئے کہ اپنے وعدہ کے مطابق بل کی تائید کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی خواہشات کا احترام کرے۔ کودنڈا رام کے مطابق سشما سوراج نے جے اے سی قائدین پر واضح کیا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ کی تائید سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے اور موقف میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سشما سوراج نے پارلیمنٹ میں بل کی تائید کا بھی تیقن دیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور نہیں ہوگا تو تلنگانہ میں صورتحال بگڑ سکتی ہے کیونکہ اس مسئلہ پر عوامی جذبات کافی شدید ہیں۔ انہوں نے سیما آندھرا ارکان کی جانب سے لوک سبھا میں کی گئی ہنگامہ آرائی کی مذمت کی اور کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی تائید سے بل کی کامیابی یقینی ہے۔ کودنڈا رام کے ساتھ تلنگانہ ایمپلائز جے اے سی کے قائدین بھی سشما سوراج سے ملاقات کے دوران موجود تھے۔ایمپلائز قائدین نے تلنگانہ ملازمین کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔

TOPPOPULARRECENT