Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا میں کے سی آر کے خیر مقدم پر تلنگانہ تلگو دیشم کیڈر کے حوصلے پست

آندھرا میں کے سی آر کے خیر مقدم پر تلنگانہ تلگو دیشم کیڈر کے حوصلے پست

آندھرا تلگو دیشم پر سخت تنقید ، کے سی آر مجھے جیل بھیج رہے ہیں : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے لیڈر ریونت ریڈی نے دیوالی سے ایک دن قبل آندھرا پردیش تلگو دیشم قائدین کے خلاف ریاکٹ حملے کرتے ہوئے تلگو دیشم حلقوں میں سنسنی مچادی اور ان پر تنقید کرنے والوں سے استفسار کیا کہ جب تلنگانہ میں کانگریس کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے تو کانگریس ہائی کمان کے قائدین سے ملاقات پر اعتراض کیوں ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی کانگریس میں شامل ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی مستقبل کی حکمت عملی کے طور پر آج صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے آندھرا پردیش تلگو دیشم قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر انہیں جیل بھیج رہے ہیں اور آندھرا پردیش میں تلگو دیشم کے قائدین کے سی آر کو جھک جھک کر سلام کررہے ہیں جب کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ میں پارٹی کی قائد ستیااکا کے گھر میں شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی ۔ تب کسی بھی ٹی آر ایس قائد نے چندرا بابو نائیڈو کا کوئی احترام نہیں کیا اور نہ ہی ان سے ملاقات کی تھی ۔ آندھرا پردیش میں تلگو دیشم قائدین کی جانب سے کے سی آر کا جس طرح خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ اس سے ٹی آر ایس حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے تلگو دیشم کیڈر کے حوصلے پست ہوئے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے آندھرا پردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے ساز باز کرتے ہوئے 2 ہزار کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور آندھرا پردیش کی دوسری وزیر پریتالہ سنیتا پر بھی چیف منسٹر تلنگانہ سے سازباز کرتے ہوئے بیر کمپنی قائم کرنے کے لیے لائسنس حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ہم تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں اور آندھرائی قائدین اپنے ذاتی مفادات کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ اور ٹی آر ایس قائدین سے بغلگیر ہورہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل پر تلگو دیشم کانگریس کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے ۔ سنگارینی اور ضلع کھمم کے اسمبلی ضمنی انتخابات اور مقامی اداروں کے انتخابات میں اتحاد کرتے ہوئے کام کیا گیا ، مستقبل میں بھی کانگریس سے مل کر کام کرنے کے روشن امکانات ہیں ۔ اگر ایسی صورت میں کانگریس ہائی کمان کے سینئیر قائدین سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے تو اس میں برائی کیا ہے اور کیوں اس پر اعتراض کیا جارہا ہے ۔ اس پر انہیں حیرت ہے ۔ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے صدر تلگو دیشم پارٹی اور چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابات کے موقع پر اتحاد کرنے کا اختیار ہم پر چھوڑ دیں ۔ انہوں نے دہلی ایرپورٹ میں چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرنے کی کوشش کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نائیڈو کے بیرونی دورے سے واپس ہونے کے بعد وہ خود ان سے ملاقات کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے جس کی وجہ سے بنڈارو دتاتریہ کو مرکزی وزارت سے علحدہ کردیا گیا ہے ۔ کانگریس میں شامل ہونے کے سوال کو انہوں نے ٹال دیا ، کبھی تردید کی تو کبھی شامل ہونے کے اشارے بھی دئیے ہیں اور مصلحت کے تحت بال سربراہ تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کے کورٹ میں رکھتے ہوئے شاطرانہ چال چلی ہے ۔ جس کے بعد تلگو دیشم حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تلگو دیشم قائدین نے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT