Tuesday , December 11 2018

آندھرا پردیش سکریٹریٹ کی صورتحال انتہائی ابتر ، چندرا بابو کی برہمی

مختلف محکمہ جات کی کارکردگی ٹھپ ، سہولتوں کی کمی ، تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

مختلف محکمہ جات کی کارکردگی ٹھپ ، سہولتوں کی کمی ، تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش سکریٹریٹ میں بنیادی سہولتوں کی کمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آج صبح آندھرا پردیش سکریٹریٹ کا دورہ کیا اور چیف منسٹر آفس کیلئے مختص Lبلاک کا دورہ کیا۔ ایل بلاک کی آٹھویں منزل پر چیف منسٹر آندھرا پردیش کا چیمبر تعمیر کیا جارہا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے تفصیلات معلوم کیں۔ چندرا بابونائیڈو نے سکریٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے ملازمین کیلئے موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش سکریٹریٹ میں سہولتوں کی کمی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ایک طرف چیف منسٹر کا چیمبر ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے تو دوسری طرف آندھرا پردیش ملازمین کیلئے مختص کردہ عمارتوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش سکریٹریٹ کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے مختص کردہ بلاکس کے کئی کمرے ابھی بھی مقفل ہیں جنہیں مختلف محکمہ جات کو الاٹ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کاموں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ آندھرا پردیش سکریٹریٹ میں حکومت کا کام فوری طور پر شروع ہوسکے۔ ایل بلاک کا معائنہ کرنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے چیف سکریٹری سے بات کی اور اس صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے ملازمین کیلئے جگہ مختص کئے ایک ماہ کا عرصہ گذر گیا لیکن ان کے دفاتر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ دفاتر میں ناقص سہولتوں کے علاوہ صفائی کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آندھرا پردیش سکریٹریٹ کے مابقی کاموں کی فوری یکسوئی کو یقینی بنائیں اور تمام کام معیاری طور پر انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بہت جلد پھر ایک بار تعمیری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے آندھرا پردیش سکریٹریٹ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل حکومت کو ایک ماہ مکمل ہونے کو ہے لیکن ابھی تک عہدیداروں نے دفاتر کے قیام کیلئے ضروری اُمور مکمل نہیں کئے جس کے سبب مختلف محکمہ جات کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT