Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش میں آئمہ و موذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا آغاز

آندھرا پردیش میں آئمہ و موذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا آغاز

افطار و مساجد کی آہک پاشی کے لیے رقم کی اجرائی ، چندرا بابو چیف منسٹر کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے ائمہ و مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت 2500 مساجد کے ائمہ کو ماہانہ 5000 روپئے اور مؤذنین کو ماہانہ 3000 روپئے اعزازیہ دیا جائے گا۔ تلنگانہ میں 5000 ائمہ اور مؤذنین کو فی کس 1000 روپئے اعزازیہ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ آندھراپردیش حکومت نے رمضان المبارک میں مساجد میں افطار اور مساجد کی آہک پاشی اور تزئین نو کیلئے 5 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس طرح چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کو رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم پر جاریہ سال مارچ سے عمل آوری کی جائے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شیخ محمداقبال اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ایل عبدالقادر تمام ضلع کلکٹرس کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ ان اسکیمات پر عمل آوری کے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اعزازیہ کی رقم مساجد کمیٹیوں کے اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی اور یہ ذمہ داری متعلقہ ضلع کلکٹر کو دی گئی ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ایسی مساجد کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی آمدنی کم ہے۔ اس طرح کی دیگر مساجد کو دوسرے مرحلہ میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت نے درج رجسٹر اوقاف مساجد کے ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر کم آمدنی والی مساجد رجسٹرڈ نہیں ہیں تو وقف بورڈ کے عہدیدار انہیں رجسٹرڈ کرانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے مطابق مختلف ا ضلاع سے نمائندگیا وصول ہوئیں کہ اعزازیہ کی رقم مساجد کمیٹیوں کے اکاؤنٹ میں جمع کی جائے کیونکہ بیشتر ائمہ و مؤذنین کا تعلق دیگر ریاستوں سے ہے۔ ایل عبدالقادر نے بتایا کہ حکومت اگرچہ مقامی ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے، تاہم بڑی تعداد میں بیرون ریاست کے ائمہ اور مؤذنین کو دیکھتے ہوئے مساجد کمیٹیوں کو اس کا اختیار دیا گیا ہے ۔ 2500 منتخبہ مساجد میں کرنول 400 ، گنٹور 375 ، کڑپہ 350 ، چتور 300 ، اننت پور 300 ، نیلو 400 ، پرکاشم 150 ، کرشنا 200 ، مشرقی گوداوری 50 ، مغربی گوداوری 50 ، وجئے نگرم 25 اور سریکاکلم 25 شامل ہیں۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود ڈاکٹر وجئے کمار نے مساجد میں دعوت افطار اور مساجد میں تعمیر و مرمت کے کاموں کی تکمیل کیلئے 5 کرو ڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ضلع کلکٹر مستحق مساجد کا انتخاب کرتے ہوئے متولی یا متعلقہ کمیٹی کو رقم جاری کریں گی۔ عیدگاہوں کی آہک پاشی اور دیگر انتظامات کیلئے بھی ضلع کلکٹر رقم جاری کریں گے ۔ اس اسکیم کے تحت اننت پور ضلع کو 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ چتور 4 لاکھ ، مشرقی گوداوری 30 لاکھ ، گنٹور 50 لاکھ ، کرشنا 50 لاکھ ، کرنول 50 لاکھ ، نیلور 40 لاکھ ، پرکاشم 40 لاکھ ، سریکاکلم 20 لاکھ ، وشاکھاپٹنم 40 لاکھ ، وجیہ نگرم 20 لاکھ ، مغربی گوداوری 30 لاکھ اور کڑپہ 40 لاکھ روپئے شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT