Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش میں پولیس عہدیداروں کے تبادلوں پر غور

آندھرا پردیش میں پولیس عہدیداروں کے تبادلوں پر غور

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش میں پولیس نظم و نسق کو مزید فعال و کارکرد بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اعلیٰ عہدیداران پولیس کے رد و بدل کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس این سامبا شیوا راؤ نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے پولیس عہدیداروں کے تبادلوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مسٹر سامبا شیوا راؤ کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد ریاست میں آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا امکان یقینی ہوگیا ہے ۔ کیوں کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر سامبا شیوا راؤ آئی پی ایس عہدیداروں کی کارکردگی کام کے طریقہ کار کی بنیاد پر پولیس نظم و نسق میں مزید بہتری پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لہذا ان کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رتبہ کے حامل آئی پی ایس عہدیداروں سے متعلق ایک فہرست چیف منسٹر کو پیش کی گئی ہے ۔ اس طرح بتایا جاتا ہے کہ 8 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس ، تقریبا 3 ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور 4 انسپکٹر جنرل آف پولیس رتبہ کے حامل عہدیداروں کے تبادلوں کے لیے راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ جس میں کمشنر پولیس وجئے واڑہ کے تبادلہ کا بھی قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ آئندہ ایک دو دن میں تبادلوں سے متعلق احکامات جاری ہونے کا قوی امکان ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT