Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش و تلنگانہ اقلیتی کمیشن سے چینائی سیلاب متاثرین کیلئے امداد

آندھرا پردیش و تلنگانہ اقلیتی کمیشن سے چینائی سیلاب متاثرین کیلئے امداد

گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت کو سفارش ، عابد رسول خاں چیرمین کمیشن کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی اقلیتی کمیشن برائے آندھرا پردیش و تلنگانہ کی جانب سے چینائی سیلاب متاثرین کے لیے امداد روانہ کی جائے گی اور اس سلسلہ میں صدر نشین کمیشن جناب عابد رسول خاں چینائی میں درکار اشیاء کے متعلق تفصیلات حاصل کررہے ہیں ۔ کمیشن کی جانب سے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت سے سفارش کی جاچکی ہے جس پر کارروائی کی جانی چاہئے چونکہ راجہ سنگھ مسلسل امن و ضبط کو متاثر کرنے والے بیانات کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خطرات پیدا کررہے ہیں ۔ جناب عابد رسول خاں صدر نشین ریاستی اقلیتی کمیشن نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں امن و ضبط کی برقراری حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمیشن بیف فیسٹیول کی مخالفت یا تائید نہیں کرسکتا لیکن اتنا ضرور ہے کہ ہر کسی کو غذائی آزادی کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے ۔ جناب عابد رسول خاں نے بتایا کہ بیف فیسٹیول کرنے والوں کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ جو چاہے کھائیں ۔ انہوں نے آلیر انکاونٹر کے متعلق استفسار پر بتایا کہ اس سلسلہ میں کمیشن کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ ریاستی حکومت کے محکمہ قانون کو روانہ کرتے ہوئے اس پر رائے طلب کی ہے اور توقع ہے کہ محکمہ قانون اس رپورٹ کے مشاہدے کے بعد اندرون دو یوم کمیشن کو رائے روانہ کردے گا ۔ صدر نشین کمیشن نے بتایا کہ کمیشن نے مرکزی وزارت دفاع سے مسلم ین سی سی کیڈیٹس اور نیم فوجی دستوں میں شامل ہونے کے لیے داڑھی نہ رکھنے کی شرط کے متعلق مکتوب روانہ کیا تھا ۔ جس پر جناب یم اے خاں رکن راجیہ سبھا نے ایوان میں اس مسئلہ کو اٹھایا تھا ۔ جس پر مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے بتایا کہ آندھرا پردیش اقلیتی کمیشن نے جو سفارشات اس سلسلہ میں روانہ کی ہیں ان سفارشات پر غور کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ نیم فوجی دستوں میں خدمات انجام دینے کے لیے مسلم نوجوانوں کو داڑھی نکالنا لازمی ہے اور باریش نوجوان ان شعبہ جات میں خدمات انجام نہیں دے سکتے جس پر مسلم نوجوانوں کے لیے گنجائش فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ جناب عابد رسول خاں نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے ریاست کے وقف بورڈ میں ہوئی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی گئی تھی اور بتایا جارہا ہے کہ ریاست میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کئے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور ریاستی حکومت نے بھی اس سلسلہ میں بورڈ سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے محکمہ پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یونانی حکماء کو ہراساں نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ یوم پرانے شہر کے حکماء کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے پولیس کے رویہ کی شکایت کی تھی ۔ پولیس کی جانب سے ڈاکٹرس کے اسنادات کی تنقیح کے رویہ میں نرمی پیدا کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ صدر نشین کمیشن نے کہا کہ ادویات کے لیے ڈاکٹر کی لکھی ادویات کی پرچی کو لازمی قرار دیا جائے ۔ جناب عابد رسول خاں نے بتایا کہ اسٹار کڈس اسکول میں پیش آئے واقعہ پر کمیشن کی سفارشات و جاری کردہ احکام سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ پولیس ، فائر ، محکمہ تعلیم کو سنگل ونڈو کی تشکیل کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ایک ہی مقام پر اسکول انتظامیہ کو اجازت نامے حاصل ہوسکیں لیکن انہیں اس بات کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ درکار سہولتوں کی موجودگی کی تنقیح کریں ۔ علاوہ ازیں دونوں ریاستوں کی حکومتوں کو کرسمس کے موقعہ پر عشائیہ منعقد کرنے کی تجویز بھی روانہ کی گئی ہے جس پر حکومت آندھرا پردیش نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے منظور کیے جانے کی کمیشن کو اطلاع دی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT