Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کی ترقی کے لیے مستعد عہدیداروں کی تعیناتی پر زور

آندھرا پردیش کی ترقی کے لیے مستعد عہدیداروں کی تعیناتی پر زور

متوقع چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے چیف سکریٹری کی ملاقات ، تقسیم کے عمل پر بات چیت ، رپورٹس کی پیشکشی

متوقع چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے چیف سکریٹری کی ملاقات ، تقسیم کے عمل پر بات چیت ، رپورٹس کی پیشکشی

حیدرآباد۔/22مئی، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو و چیف منسٹر منقسم آندھرا پردیش سے آج چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر پی کے موہنتی نے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کے عمل سے واقف کروایا۔ مسٹر نائیڈو نے اس موقع پر آندھرا پردیش کی تقسیم کے سلسلہ میں جاری عمل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ملازمین کی تقسیم کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش نے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو 22کمیٹیوں کی جانب سے چیف سکریٹری کو دی گئی رپورٹ حوالے کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اُمور کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ملازمین کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2جون سے قبل ریاست کی تقسیم کے تمام اُمور کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر نائیڈو کی قیامگاہ پر ملاقات کرنے والے چیف سکریٹری مسٹر موہنتی کے ہمراہ کئی محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مسٹر موہنتی نے چیف منسٹر منقسم آندھرا پردیش کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ریاست کی تقسیم کے عمل کے علاوہ دیگر اُمور کا مشاہدہ کروایا۔

نائیڈو نے اس ملاقات کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی طرح کے دباؤ کے بغیر بہتر سے بہتر خدمات کی انجام دہی کیلئے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے انہیں مستعد عہدیدار چاہیئے۔ اس موقع پر عہدیداروں سے مسٹر نائیڈو نے نئے چیف سکریٹری کیلئے موزوں عہدیدار کے نام تجویز کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں سے پاک حکمرانی کو یقینی بنانے والے عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ چندرا بابو نائیڈو سے ان عہدیداروں کے علاوہ محکمہ برقی کے سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے ملازمین و عہدیداروں کی بڑی تعدادنے آج ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں جاری عمل میں ہونے والی ناانصافیوں کا تذکرہ کیا۔ مسٹر نائیڈو نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو اس بات کا تیقن دیا کہ کسی بھی صورت میں ملازمین کے ساتھ ناانصافیوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ ہر کسی کو انصاف دلوانے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ مسٹر نائیڈو نے ملازمین سے خواہش کی کہ وہ بہتر حکمرانی کیلئے ان سے تعاون کریں تاکہ آندھرا پردیش کی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

TOPPOPULARRECENT