Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز

آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز

حجاج کرام کا لگیج حج ہاوز پہونچ گیا ۔ اسپیشل آفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد 26 ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ آج شروع ہوگیا۔ 450 حجاج کرام پر مشتمل قافلہ مدینہ منورہ سے سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ آج صبح شمس آباد ایرپورٹ پہنچا۔ 21 ستمبر سے حجاج کی واپسی کا آغاز ہوا اور پہلے مرحلہ میں تلنگانہ کے حجاج فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد واپس ہوئے ۔ آندھراپردیش کے حجاج کا استقبال جوائنٹ سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش اوشا کماری اور اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی نے کیا ۔ صدرنشین آندھرا حج کمیٹی مومن احمد حسین اور دیگر مسلم نمائندے حجاج کے استقبال کیلئے نہیں پہنچے جبکہ تلنگانہ کے پہلے قافلہ کا استقبال ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کیا تھا ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حجاج کرام کے ابھی تک 10 قافلے واپس ہوچکے ہیں جن میں 4080 حجاج وطن واپس ہوگئے ۔ گیارھواں قافلہ منگل کی رات دیر گئے واپس ہوگا۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جن حجاج کرام کا لگیج بعد میں حیدرآباد پہنچا انہیں حج ہاؤز سے حوالے کیا جارہا ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے 34 حجاج کرام 4 اکتوبر کو ممبئی پہنچیں گے۔ ان حجاج کو ممبئی سے حیدرآباد لانے آر ٹی سی کی دو خصوصی بسیں بک کی گئی ہیں اور یہ حجاج کرام 4 ستمبر کی شام تک حیدرآباد پہنچ جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT