Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے حق میں سونیا گاندھی کی جدوجہد کا خیرمقدم

آندھرا پردیش کے حق میں سونیا گاندھی کی جدوجہد کا خیرمقدم

حیدرآباد /17 مارچ (سیاست نیوز) صدر آندھرا پردیش کانگریس این رگھو ویرا ریڈی نے لوک سبھا میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے لئے آواز اٹھانے کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل مسز گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل میں آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے علاوہ دیگر تمام سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور آج انھوں نے ایک بار پھر اس مسئلہ کو اٹھاکر مرکزی حکومت کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں تلگودیشم اور بی جے پی، مسز گاندھی کا ساتھ دینے کی بجائے دوہرا رول ادا کر رہی ہیں۔ بی جے پی نے تقسیم ریاست بل کی تائید کی تھی، جب کہ وینکیا نائیڈو نے آندھرا پردیش کو دس سال تک خصوصی ریاست کا موقف دینے پر زور دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت دس ماہ مکمل کرچکی ہے، تلگودیشم این ڈی اے کی حلیف ہے، تاہم مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی پر دباؤ ڈالنے میں پوری طرح ناکام ہو گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT