Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے غرباء کے لیے حکومت کی انا کینٹین کھانے کی اسکیم

آندھرا پردیش کے غرباء کے لیے حکومت کی انا کینٹین کھانے کی اسکیم

معیار اور مقدار میں کوئی سمجھوتہ نہیں ، چیف منسٹر چندرا بابو کا وجئے واڑہ میں خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں غریب افراد کو پیٹ بھر کھانا فراہم کرنے کے مقصد سے ہی حکومت نے ’ انا کینٹینس ‘ قائم کئے ۔ آج وجئے واڑہ میں ’ انا کینٹینس ‘ ( این ٹی راما راؤ کے نام سے موسوم کینٹین ) کا افتتاح کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ کوالٹی و کوانٹیٹی (معیار اور مقدار ) کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا اور اس طرح غریب عوام کو معیاری غذا فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کینٹین کے ذریعہ غریب عوام کو صرف پانچ روپیوں میں پیٹ بھر کھانا فراہم کیا جائے گا اور ہر کینٹین کے پاس کم از کم 300 افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 73 روپئے مالیتی کھانے کی ڈش صرف 5 روپئے میں ہی فراہم کی جائے گی ۔ اس طرح فی الوقت ریاست کے مختلف مقامات پر جملہ 203 ’ انا کینٹینس ‘ قائم کرتے ہوئے کم از کم روزانہ 2.50 لاکھ غریب افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا ۔ جب کہ انا کینٹین غریب و معمر افراد کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوں گے ۔ اور ان کینٹین کے لیے خواہ کتنی ہی مشکلات و دشواریاں پیش آئیں ان کی پرواہ کیے بغیر انا کینٹین کو بہر صورت چلایا جائے گا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو جنہوں نے آج صبح وجئے واڑہ میں واقع ودیا دھرا پورم میں انا کینٹین کا افتتاح کرتے ہوئے غریب عوام کے ساتھ مل کر کھانا کھایا اور کھانے کے تعلق سے خواتین سے دریافت کیا جس پر انا کینٹین میں کھانا اچھا رہنے کا اظہار کرتے ہوئے خواتین نے زبردست ستائش کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT