Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا آج سنگ بنیاد

آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا آج سنگ بنیاد

وزیر اعظم مودی، چیف منسٹرتلنگانہ چندر شیکھر راؤ کی شرکت، وسیع تر انتظامات

حیدرآباد۔/21اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کل آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب ہوگی۔ ضلع گنٹور کے ایک موضع میںامراوتی کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی حکومت نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ سنگ بنیاد تقریب میں چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ بھی شرکت کررہے ہیں۔ تقریباً پانچ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ دریائے کرشنا کے کنارہ واقع موضع میں یہ تقریب منعقد ہوگی۔ دارالحکومت کیلئے’شیلا نیاس ‘ کیا جائے گا۔ یہ شہر وجئے واڑہ سے 40کیلو میٹر دور ہوگا۔ جاپان اور سنگاپور سے وزراء اور مندوبین بھی شرکت کرنے کی توقع ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ریاست کے 16ہزار مواضعات کی مٹی اور پانی اکٹھا کرکے سنگ بنیاد کے لئے استعمال کریں گے۔ تقریب میں گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن ، وزیر شہری ہوا بازی پی اشوک گجپتی راجو ، مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور دیگر کئی مرکزی وزراء اور قائدین شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دورہ امراوتی کو قطعیت دے دی گئی ہے اور وہ کل 22  اکتوبر کو آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کریں گے۔

چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے شخصی طور پر انہیں تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر نے پروگرام کو قطعیت دیدی جس کے مطابق چندر شیکھر راؤ آج شام سوریہ پیٹ ضلع نلگنڈہ روانہ ہوگئے۔ پروگرام کے مطابق وہ سوریہ پیٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر امراوتی روانہ ہوں گے۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق کے سی آر صبح 10 بجکر 15 منٹ پر سوریہ پیٹ سے روانہ ہوں گے اور 10 بجکر 45 منٹ پر امراوتی پہنچیں گے۔ دوپہر 2 بجے نئے دارالحکومت کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کے بعد ڈھائی بجے دن سوریہ پیٹ واپس ہوں گے۔ گزشتہ 14 برسوں میں کے سی آر کا یہ پہلا دورہ آندھراپردیش ہے ۔ سوریہ پیٹ واپسی کے بعد چیف منسٹر وہاں دو بیڈروم کی تعمیر سے متعلقہ ہاؤزنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ شام میں وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر ایرا ویلی گاؤں پہنچیں گے۔ جسے انہوں نے ترقی دینے کیلئے منتخب کیا ہے۔ میدک کے ایرا ویلی میں کے سی آر دسہرہ تقاریب میں شرکت کریں گے اور دو بیڈروم پر مشتمل مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

TOPPOPULARRECENT