Wednesday , December 19 2018

آندھرا پردیش کے 12 مچھیرے خلیج بنگال میں لاپتہ

تلاشی مہم جاری ۔ شدید بارش کے اندیشوں کے پیش نظر ریاست میں سخت چوکسی

تلاشی مہم جاری ۔ شدید بارش کے اندیشوں کے پیش نظر ریاست میں سخت چوکسی
حیدرآباد 21 جون ( پی ٹی آئی ) پانچ دن قبل کاکناڈا سے خلیج بنگال میں جانے والے 12 مچھیرے لاپتہ ہوگئے ہیں اور حکومت کی جانب سے ان کا پتہ چلانے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے ۔ مشرقی گوداوری کے ضلع کلکٹر ارون کمار نے کہا کہ 12 مچھیرے 17 جون کو کاکناڈا سے دو کشتیوں میں خلیج بنگال میں گئے تھے کچھ دوسرے مچھیرے بھی ان کے ساتھ دوسری کشتیوں میں سمندر میں موجود تھے ۔ تاہم ان 12 مچھیروں کے افراد خاندان کو کل ایک پیام موصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی کشتیوں میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی ۔ اس اطلاع کے بعد کل ان کی تلاش کا کام شروع ہواتھا جو آج بھی جاری رہا ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ جو دوسرے مچھیرے سمندر میں ہیں ان سے رابطہ کیا جاسکا ہے تاہم ان 12 مچھیروں کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چلایا جاسکا ہے ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ہم ابھی ان بارہ مچھیروں کو لاپتہ قرار نہیں دے سکتے ۔ ابھی ہمیں ان کے اتہ پتہ کے تعلق سے کچھ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے ۔ کلکٹر ارون کمار نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ان مچھیروں کے تعلق سے معلومات حاصل کی ہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق ضلع انتظامیہ نے ریلائنس انڈسٹریز ‘ او این جی سی ‘ کیرن انرجی انڈیا لمیٹیڈ سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے ہیلی کاپٹرس کی خدمات بروئے کار لاتے ہوئے ان کی کشتیوں کا پتہ چلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کمپنیوں کے تین ہیلی کاپٹروں کے علاوہ کوسٹ گارڈ کی دو کشتیوں کو بھی تلاشی مہم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ مشرقی گوداوری ضلع انتظامیہ کی جانب سے ان کا پتہ چلانے کی ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم ضلع کے مختلف علاقوں میں کل سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں تلاشی مہم مشکل ہو رہی ہے ۔ اس دوران ریاستی حکومت کے ایک اعلامیہ کے بموجب چندرا بابو نائیڈو نے مسلسل بارش کے پیش نظر ضلع میں صورتحال کا ایک اجلاس میں جائزہ لیا ۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ گوداوری میں پانی کے بہاؤمیں اضافہ کو دیکھتے ہوئے چوکسی اختیار کرلیں۔ تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میں بارش کی وجہ سے گوداوری میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آگئی ہے ۔ اس دوران آئی این این کے بموجب آندھرا پردیش حکومت نے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کئے ہیں اور حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش میں حادثات کو کم کرنے مکمل انتظامات کریں۔ محکمہ توانائی کے سکریٹری اجئے جین نے سی ایم ڈی اے پی ٹرانسکو کے وجئے آنند اور ایم ڈی اے پی جینکو کے رنگناتھم و دوسرے عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں برقی سربراہی اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا ہے ۔ انہوں نے ایمرجنسی برقی بحالی نظام کا بھی جائزہ لیا ۔اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مانسون کے دوران کم سے کم حادثات پیش آئیں ۔

TOPPOPULARRECENT