Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کے 350 حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپسی

آندھرا پردیش کے 350 حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپسی

آج تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی مکمل ، حج مشن اور حج کمیٹی سے بہترین انتظامات ، حجاج کا تاثر

آج تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی مکمل ، حج مشن اور حج کمیٹی سے بہترین انتظامات ، حجاج کا تاثر
حیدرآباد۔29۔اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کا 12 واں قافلہ آج حیدرآباد واپس ہوا۔ 350 حجاج کرام پر مشتمل اس قافلہ میں آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔ کسٹمس، امیگریشن ، سعودی ایرلائینس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے ضروری امور کی تکمیل میں حجاج کرام سے تعاون کیا۔ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے اب تک 12 قافلے وطن واپس ہوچکے ہیں۔یہ تمام حجاج مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہورہے ہیں۔ 12 قافلوں میں اب تک 4078 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کل مکمل ہوگی اور آج سے آندھراپردیش کے حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ آج کے قافلہ میں گنٹور کے 126 ، کرشنا 27 ، کڑپہ 141 ، مشرقی گوداوری 27 اور کرنول کے 26 حجاج شامل ہیں۔ ان کے استقبال کیلئے حج ٹرمنل کے باہر رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے شخصی طور پر تمام حجاج سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔

حجاج کرام نے بتایا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اور ایام حج کے موقع پر حج مشن اور حج کمیٹی کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج ٹرمنل کی سہولتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں جی ایم آر حکام کو دوبارہ توجہ دلائے گی اور کم از کم آئندہ سال حج سیزن کے موقع پر تمام سہولتوں کی فراہمی کی خواہش کی۔ جی ایم آر کے حکام نے یقین دلایا کہ حج کمیٹی نے جن مسائل کی جانب توجہ دلائی ہے ، ان کی یکسوئی کردی جائے گی ۔ حجاج کرام کے سامان کی منتقلی اور ضعیف افراد کی وہیل چیر کے ذریعہ منتقلی کے سلسلہ میں والینٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ۔ مکمل سہولتوں کی فراہمی کے بعد والینٹرس کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ آندھراپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی نے آندھراپردیش کے حجاج کے استقبال کا فیصلہ کیا ہے ۔ توقع ہے کہ وہ اندرون دو یوم کسی ایک قافلہ کا استقبال کرنے کیلئے حج ٹرمنل پہنچیں گے ۔ کرناٹک کے حجاج کرام کے دو قافلوں کی آمد ابھی باقی ہے۔ 3 نومبر کو حجاج کے آخری دو قافلوں میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج شامل رہیں گے ۔ 4 اور 5 نومبر کو 83 حجاج کرام مدینہ منورہ سے ممبئی پہنچیں گے ۔ حج کمیٹی نے ان کی واپسی کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔ کل 30 اکتوبر کو رات 9 بجے 300 حجاج پر مشتمل 13 واں قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT