Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا کی یوم آزادی تقریب ساحل سمندر پر منعقد ہوگی

آندھرا کی یوم آزادی تقریب ساحل سمندر پر منعقد ہوگی

آر کے بیچ روڈ کا انتخاب ۔ تیاریوں کا آغاز ۔ مختلف محکمہ جات کی جھانکیاں پیش کی جائیں گی
حیدرآباد 9 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں اس سال یوم آزادی تقریب امکان ہے کہ خصوصی رہے گی کیونکہ اس سال اصل تقریب بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم میں رام کرشنا بیچ روڈ پر منعقد ہوگی ۔ ریاستی حکومت کے مشیر ( مواصلات ) پرکالا پربھاکر نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایا کہ ملک میں یہ شائد پہلا موقع ہوگا جب یوم آزادی کی تقریب بیچ روڈ پر منعقد ہونے والی ہے ۔ رام کرشنا بیچ کے قریب ہی رام کرشنا مشن ہے اور یہ روڈ پرفضا ساحل سمندر پر واقع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چونکہ ابھی آندھرا پردیش ریاست کا علیحدہ دارالحکومت نہیں ہے اور اس کے پاس انفرا اسٹرکچر کا بھی فقدان ہے ایسے میں حکومت نے ہر سال یوم آزادی تقریب الگ الگ شہروں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گذشتہ سال یہ تقریب رائلسیما میں کرنول میں منعقد کی گئی تھی ۔ حیدرآباد دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کا دس سال کے عرصہ کیلئے مشترکہ دارالحکومت ہے ۔ اس کی گنجائش تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون میں رکھی گئی ہے ۔ اس کے بعد حیدرآباد صرف ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت رہے گا ۔ پرکالا پربھاکر نے کہا کہ ہمارا کوئی مستقل دارالحکومت نہیں ہے ۔ ہم نے یہ بھی سوچا کہ ہر سال ہم کو مختلف مقامات پر یہ تقریب منعقد کرنی چاہئے ۔ اس سال ہم یہ تقریب وشاکھاپٹنم میں منعقد کر رہے ہیں۔ ہم نے رام کرشنا بیچ اور بیچ روڈ کو منتخب کیا ہے ۔ اس طرح کا خوبصورت مقام رکھنے کے بعد ہم کیوں ایک چھوٹے اسٹیڈیم میں یہ تقریب منعقد کریں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں ریاست کے مختلف محکمہ جات کی جھانکیاں پیش کی جائیں گی جو اپنی کارکردگی اور سرگرمیوں کو اجاگر کرینگی ۔ اس تقریب کیلئے انتظامات وشاکھاپٹنم میں جاری ہیں۔ اس کی ریہرسلس وغیرہ کا بھی آغاز ہوگیا ہے ۔ سینئر پولیس اور سیول عہدیداروں نے انتظامات کے سلسلہ میں شہر کا دورہ بھی کیا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ تقریب بہت شاندار ہوگی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو امکان ہے کہ اس سال کی یوم آزادی تقریر میں کچھ پالیسی مسائل کو بھی اجاگر کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT