Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت سابق فضائیہ سربراہ تیاگی کا فن میکانیکا کے نمائندے سے ملاقات کا اعتراف ؟

آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت سابق فضائیہ سربراہ تیاگی کا فن میکانیکا کے نمائندے سے ملاقات کا اعتراف ؟

نئی دہلی 3 مئی ( سشیاست ڈاٹ کام ) انڈین ائر فورس کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی سے آج سی بی آئی نے مسلسل دوسرے دن بھی پوچھ تاچھ کی ۔ یہ پوچھ تاچھ متنازعہ آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت کے سلسلہ میں ہوئی ہے اور ایجنسی نے یہ ادعا کیا ہے کہ تیاگی نے اس فرم کی اٹلی سے کام کرنے والی اصل کمپنی فن میکانیکا کے ایک کارکن سے ملاقات کا اعتراف کرلیا ہے ۔ اس معاملت میں سی بی آئی نے مارچ 2013 میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں ایس پی تیاگی کو ماخوذ کیا گیا ہے ۔ انہیں آج بھی دوبارہ سی بی آئی ہیڈ کوارٹرس طلب کیا گیا جہاں انہیں کچھ وزیٹر ڈائری اندراجات دکھائے گئے اور دوسرے دستاویزات کا بھی مشاہدہ کروایا گیا ۔ ان سے تقریبا نو گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی گئی ۔ سی بی آئی نے آج کی پوچھ تاچھ کے تعلق سے باضابطہ کچھ بھی کہنے سے گریز کیا ہے تاہم ایجنسی کے ذرائع نے دعوی کیا کہ تیاگی نے یہ اعتراف کیا کہ انہوں نے فن میکانیکا جارجیا زاپا کے چیف آپریٹنگ آفیسر سے 2015 میں 15 فبروری کو دہلی میں ملاقات کی تھی جب وہ ائر فورس کے سربراہ تھے ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ دستاویزات دکھائے جانے کے بعد انہوں نے اس ملاقات کا اعتراف کیا ہے ۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ تیاگی سے کل بھی اس ملاقات کے تعلق سے سوال کیا گیا تھا لیکن اس پر انہوں نے کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیاتھا ۔ ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ سرکاری ملاقات تھی یا کچھ اور ۔ تاہم انہوں نے وزیٹر ڈائری کا جو حوالہ دیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ملاقات ریکارڈ میں موجود تھی ۔ گذشتہ سال جون میں تیاگی کو اٹلی کی ایک عدالت نے اس مقدمہ میںبری کردیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT