Saturday , November 18 2017
Home / دنیا / آیت اللہ خمینی کے نبیرہ ، انتخابی مقابلہ سے محروم

آیت اللہ خمینی کے نبیرہ ، انتخابی مقابلہ سے محروم

تہران ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کے نبیرہ حسن خمینی نے آج کہا کہ ان کے ملک کی طاقتور مجلس ماہرین کے انتخاب میں حصہ لینے سے انہیں محروم کئے جانے کے خلاف دائر کردہ اپیل مسترد کردی گئی ہے۔ انہوں نے فوری پیام رسانی خدمات کے ادارہ ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’’ہمیں موصولہ اطلاعات کے مطابق سید حسن خمینی کی مجلس ماہرین کیلئے امیدواری سے متعلق اہلیت کو مجلس نگہبان نے پھر ایک مرتبہ منظوری نہیں دی ہے‘‘۔ قدامت پسندوں کے زیرغلبہ مجلس نگہبان ہی اس ادارہ کے امیدواروں کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے۔ اس کمیٹی نے 26 فبروری کو پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہونے والے مجلس ماہرین کے انتخابات میں حصہ لینے سے سینکڑوں امیدواروں کو محروم کردیا ہے۔ مجلس ماہرین ہی ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی کارکردگی پر نظر رکھتی ہے۔ 76 سالہ خامنہ ای کے جانشین کے انتخاب بھی مجلس ماہرین کے 88 ارکان ہی کریں گے۔ امریکہ کے زیرقیادت عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے حالیہ نیوکلیئر سمجھوتہ کے بعد ایرانی پارلیمنٹ اور مجلس ماہرین کے انتخابات کو اس ملک کے مستقبل کی جہت کے تعین کے ضمن میں کلیدی اہمیت کے حامل سمجھا جارہا ہے۔ حسن خمینی نے کہا کہ ’’یہ میرے اور کئی دوسروں کیلئے باعث حیرت ہے کہ مجلس نگہبان میں شامل معزز شرفاء یہ فیصلہ نہ کرسکنے میں اہل ہوں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT