Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ائمہ و موذنین کو حکومت سے اعزازیہ کا آئندہ ہفتہ آغاز

ائمہ و موذنین کو حکومت سے اعزازیہ کا آئندہ ہفتہ آغاز

وقف بورڈ سے اسکیم ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی مدعوئین میں شامل
حیدرآباد۔ 4 ۔ اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور مؤذنین کو حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا آئندہ ہفتہ آغاز ہوگا۔ وقف بورڈ نے اسکیم کے آغاز کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے 10 اپریل کے بعد اسکیم کے آغاز کی تاریخ طئے کرنے سے اتفاق کیا۔ اس اسکیم کا آغاز اگرچہ گزشتہ سال جولائی میں ہونا تھا، تاہم موصولہ درخواستوں کی جانچ میں تاخیر کے سبب ائمہ اور مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ ادا نہیں کیا جاسکا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے وقف بورڈ کے 20 ملازمین کی خدمات حاصل کر تے ہوئے درخواستوں کی جانچ کا کام انجام دیا۔ حیدرآباد میں اگرچہ 1498 ائمہ اور مؤذنین کی درخواستیں داخل کی گئیں لیکن تقریباً 600 درخواستیں کی جانچ مکمل ہوئی ہیں ۔ ملازمین کو متعلقہ مساجد روانہ کرتے ہوئے شخصی طور پر ائمہ اور مؤذنین کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس اسکیم کیلئے حکومت نے 12 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور سالانہ 10 ہزار ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ ادا کرنے کا منصوبہ ہے ۔ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد میں باقی درخواستوں کی جانچ کا کام جاری رہے گا ۔ تاہم آئندہ ہفتہ اسکیم کا آغاز کردیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع سے بھی درخواستوں کی جانچ کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہے۔ متعلقہ وقف انسپکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد سے جلد جانچ کا کام مکمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ منتخب کئے گئے ائمہ اور مؤذنین کو گزشتہ سال جولائی سے اعزازیہ جاری کیا جائے گا، جو ماہانہ ہزار روپئے ہے۔ اس طرح ائمہ اور مؤذنین کو جنہیں منتخب کیا گیا، آئندہ ہفتہ فی کس 7 تا 8 ہزار روپئے  جاری کئے جائیں گے ۔ دوسرے مرحلہ میں شہر کے باقی اور اضلاع کے ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ جاری ہوگا۔ اس اسکیم کیلئے 4901 ائمہ اور 4033 مؤذنین نے درخواستیں داخل کی۔

TOPPOPULARRECENT