Monday , October 15 2018
Home / شہر کی خبریں / ائیر اور کپل سبل کے بیانات سے راہول کی کامیابیاں ضائع

ائیر اور کپل سبل کے بیانات سے راہول کی کامیابیاں ضائع

نریندر مودی نے گجراتی رائے دہندوں کو جذباتی بلیک میل کیا ۔ کانگریس لیڈر ویرپا موئیلی کا بیان
حیدرآباد 19 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر ایم ویرپا موئیلی نے آج اشارہ دیا کہ منی شنکر ائیر اور کپل سبل جیسے قائدین کے متنازعہ بیانات سے گجرات کی انتخابی مہم میں راہول گاندھی نے جو کامیابیاں حاصل کی تھیں وہ ضائع ہوگئیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ راہول گاندھی 2019 کے انتخابات کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کے متبادل کے طور پر ابھرے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے نریندر مودی پر گجراتی رائے دہندوں کے جذباتی بلیک میل کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ انتخابات جملوں کی بنیاد پر نہ جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں جیسے منی شنکر ائر کو مودی کے خلاف اس طرح کے مسائل نہیں اٹھانے چاہئے تھے ۔ وہ منی شنکر ائیر کے ’ نیچ ‘ ریمارک کا حوالہ دے رہے تھے ۔ گجرات میں بی جے پی بمشکل اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی تھی جہاں اسے کانگریس سے سخت مقابلہ کرنا پڑا ۔ اس سوال پرکہ آیا ائیر کے ریمارکس سے کانگریس کے انتخابی امکانات مثر ہوئے ہیں موئیلی نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ایسا ہوا ہو۔ نریندرمودی نے کانگریس کو نشانہ بنانے اس کا استعال کیا تھا ہمیں اس تعلق سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کپل سبل کے اس بیان کو بھی غیر ضروری قرار دیا جس میں انہوں نے سپریم کورٹ سے خواہش کی تھی کہ رام مندر ۔ بابری مسجد مسئلہ کی سماعت کو 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد تک ملتوی کردیا جائے ۔ موئیلی نے کہا کہ سبل کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے تھا ۔ انہیں پارٹی کی جانب سے ایسا بیان دینے کا مجاز قرار نہیں دیا گیا تھا ۔ حالانکہ یہ پارٹی کا خیال نہیں تھا اس کے باوجود مودی نے اس کا استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ قائدین کو بھی تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر انتخابات کے موسم میںا یسے بیانات نہیں دئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین کو سیاسی احساس کی ضرورت ہے ۔ جو کچھ بھی کامیابی ہماری قیادت اور راہول گاندھی نے گجرات میں حاصل کی تھی اس کی اس طرح کے بیانات سے نفی ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ان مسائل کا استحصال کرتے ہوئے گجراتی رائے دہندوں کا جذباتی بلیک میل کیا ہے ۔

کانگریس مکت بھارت زیادہ دور نہیں : مرلیدھر راؤ
حیدرآباد 19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے قومی سکریٹری مرلیدھر راؤ نے کہا کہ بی جے پی کی مسلسل انتخابی کامیابیوں کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہوجائیگی کہ کانگریس مکت بھارت اب زیادہ دور نہیں ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش میں کامیابیوں کے بعد اب کرناٹک بی جے پی کا نشانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی مستحکم ہوتی ہے تو ترقی یقینی ہوگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی کیلئے بہتر حکمرانی اور ترقی ہی اصل ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کا متبادل بن کر ابھرے گی ۔ ان کی پارٹی مذہب پر مبنی تحفظات فراہم کرنے کی یکسر مخالف ہے ۔

TOPPOPULARRECENT