Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ابتدائی نقصانات کے بعد راہول کی سنچری ‘ ہندوستان 319/6

ابتدائی نقصانات کے بعد راہول کی سنچری ‘ ہندوستان 319/6

India's Lokesh Rahul celebrates scoring a century during the first day's play of the second test cricket match between Sri Lanka and India in Colombo, Sri Lanka, Thursday, Aug. 20, 2015. (AP Photo/Eranga Jayawardena)

دن کے آخری اوور میں روہت 79پر آؤٹ

کولمبو۔20اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف یہاں شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم ناقص شروعات کے بعد لوکیش راہول کی سنچری کی بدولت دن کے اختتام پر 319رنز اسکور کرلئے ہیں ‘تاہم اسے 6کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جس میں دن کے اختتامی لمحات میں ناقص فارم سے پریشان روہت شرما کی وکٹ بھی شامل ہے لیکن انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 132گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5چوکوں اور 3چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 79رنز اسکور کئے جو سری لنکا کے خلاف روہت شرما کا ایک عرصہ کے بعد بہتر مظاہرہ ہے ۔ پہلا دن دونوں ہی ٹیموں کیلئے بہتر رہا کیونکہ سری لنکائی ٹیم جس نے بولنگ کے لئے مدعو کئے جانے پر صرف 12رنز دے کر ابتدائی دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا تھا لیکن راہول کی سنچری کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے ایک بہتر موقف حاصل کیا ہے ۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کے فیصلہ کے بعد ہندوستانی ٹیم کو پہلا نقصان چار رنز کے مجموعی اسکور پر ہی برداشت کرنا پڑا جب زخموں سے صحت یابی کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے ان فام اوپنر مرلی وجئے بغیر کوئی رن بنائے دمیکا پرساد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔ ٹیم کے قطعی 11کھلاڑیوں میں تبدیلی کے علاوہ اجنکیا رہانے کو روہت شرما کی بجائے تیسرے مقام پربیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا تاہم وہ بھی ناکام ہوئے ۔ رہانے 11گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے چار رنزبناکر جس وقت پویلین لوٹے اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکو صرف 12رنز تھا ۔ ابتدائی دو نقصانات کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی اور راہول نے تیسری وکٹ کیلئے 164رنز اسکور کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو مقابلہ میں واپس لایا لیکن

اس موقع پر سری لنکائی کپتان انجیلو میتھوز نے ہیراتھ کی گیند پر سلپ میں ایک شاندار کیچ پکڑتے ہوئے کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ہیراتھ نے 164رنز کی جس وقت پارٹنرشپ توڑی ‘ اُس موقع پر کوہلی 107گیندوں میں 8چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 78رنز اسکور کئے ۔ پہلے دن کے ہندوستان کیلئے اصل ہیرو  راہول ثابت ہوئے جنہوں نے نہ صرف ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالا بلکہ 190گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 108رنز اسکور کئے جس میں 13چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔ راہول نے اپنے ٹسٹ کریئر کی دوسری سنچری اسکور کرلی ہے ۔ حالانکہ ان کے سامنے کپتان ایک بہتر اننگز کھیلنے کے باوجود سنچری سے محروم رہے ۔ ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ راہول اور کوہلی ٹیم کو ایک ہمالیائی اسکور بہ آسانی فراہم کردیں گے لیکن سلپ میں میتھیوز نے جو شاندار کیچ لیا وہ میزبان ٹیم کی اعلیٰ معیار کی فیلڈنگ کا بہترین نمونہ رہا ۔ کپتان کوہلی کے بعد شدید تنقیدوں کی زد میں موجود روہت شرما نے بالآخر ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ان پر کئے جانے والے بھروسہ کو صحیح ثابت کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی ہے ۔ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں جہاں ہندوستانی ٹیم کو 63رنز کی شکست ہوئی تھی وہیں اس مقابلہ کی دونوں اننگز میں روہت شرما ناکام ہوئے تھے لیکن آج دن کے اختتامی لمحات میں آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 132گیندوں میں 79رنز اسکور کئے جس میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا جیسے کہ ونڈے کے کامیاب تصور کئے جانے والے روہت نے اپنی اننگز کے دوران پانچ چوکے اور تین چھکے مارے ۔ ہندوستانی ٹیم میں ہربھجن سنگھ کے مقام پر اسٹیورٹ بنی کو شامل کیا گیا لیکن وہ صرف 10رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ سری لنکا کیلئے پرساد72اور ہیراتھ 73رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT