Saturday , April 21 2018
Home / سیاسیات / اب ایک اور بی جے پی لیڈر اُدت راج کی بغاوت

اب ایک اور بی جے پی لیڈر اُدت راج کی بغاوت

نئی دہلی 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارت بند آندولن کے بعد اب بی جے پی میں ہی دلت لیڈروں نے بغاوت کی آوازیں بلند کرنی شروع کردی ہیں۔ گزشتہ دنوں بہرائچ کی رکن پارلیمنٹ ساوتری بائی پھولے نے ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کو لے کر اپنی ہی حکومت پر تنقید کی تو اس کے بعد صدائے احتجاج بلند کرنے کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا۔ بی جے پی کے رابرٹس گنج سے رکن پارلیمنٹ چھوٹے لال کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہوگیا۔ علاوہ ازیں نگینہ لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر یشونت سنہا نے بھی وزیر اعظم مودی کو خط لکھا اور حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔اب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ادت راج نے بھی الزام لگایا ہے کہ بھارت بند کے دوران پرتشدد احتجاج کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں ان کی دلت برادری کے لوگوں کو پریشان کیا جارہاہے۔ ادت راج نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 2 اپریل کے آندولن میں حصہ لینے والے دلتوں کو پریشان کئے جانے کی خبریں مل رہی ہیں اور یہ بند ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 2 اپریل کے بعد دلتوں کو ملک بھر میں پریشان کیا جارہا ہے۔ باڑمیر ، جالور ، جے پور ، گوالیار ، میرٹھ ، بلند شہر ، کرولی اور دیگر مقامات پر دلتوں کے ساتھ ایسا ہورہا ہے۔ نہ صرف ریزرویشن مخالف لوگ بلکہ پولیس بھی ان لوگوں کی پٹائی کررہی ہے اور فرضی معاملات میں پھنسا رہی ہے۔شمال مغربی دہلی سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ادت راج نے کہا کہ گوالیار میں ان کیذریعہ چلائی جارہی دلت تنظیم کے ایک کارکن کو پریشان کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ ایس ٹی ، ایس سی ایکٹ کو مبینہ طور پر کمزرو کئے جانے کے خلاف دو اپریل کو بھارت بند کے دوران پرتشدد واقعات میں کم سے کم 11 افراد کی موت ہوگئی تھی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔اس سے پہلے نگینہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ یشونت سنہا نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر دلتوں کو نظر انداز کئے جانے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے خط میں کہا تھا کہ عدالت میں ہمارے سماج کی کوئی نمائندگی نہیں ہے ، اسی وجہ سے عدالتیں ہمارے خلاف نئے نئے فیصلہ سناکر دلتوں کے حقوق کو ختم کررہی ہیں۔اس سے پہلے رابرٹس گنج سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے بھی وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ایس پی حکومت کے دوران جب غنڈہ راج چل رہا تھا ، تب انہوں نے اپنے بھائی اور قبائلی دلت لیڈر جواہر کھروار کو چندولی میں نوگڑھ بلاک کے پرمکھ کے عہدہ پر کامیاب کرایا تھا ، بی جے پی کی یہ واحد جیت تھی ، لیکن آج اپنی ہی حکومت میں ان کے بھائی کو بلاک پرمکھ عہدہ سے ہٹانے کی سازش ہورہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT