Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / اتراکھنڈ میں برسات سے متعلق حادثات میں 5 ہلاک

اتراکھنڈ میں برسات سے متعلق حادثات میں 5 ہلاک

یوپی اور دہلی میں بارش ، آسام کے 13 اضلاع سیلاب سے متاثر،4 لاکھ بے گھر
نئی دہلی 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دریائے گنگا اور جمنا میں یوپی کے کئی مقامات پر سطح آب میں اضافہ ہوا جبکہ ریاست کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ نیپال اور اتراکھنڈ میں برساتی سے متعلق حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب کل بھی یوپی اور اتراکھنڈ کے علاوہ آسام میں بھی مزید بارش کا اندیشہ ہے۔ آسام میں سیلاب سے 13 اضلاع کے 4 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگا لینڈ اور منی پور میں گزشتہ 15 دن کے دوران زمین کھسکنے کے واقعات اور بارش میں اضافہ ہوا۔ 5 افراد بشمول ایک نیپالی خاندان کے تین افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے جبکہ اتراکھنڈ کے ضلع پتھورا گڑھ میں ایک بڑا پتھر اُن کی گاڑی پر گر پڑا۔ ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے بموجب یہ واقعات کل سے مسلسل جاری بارش کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مسلسل بارش کی وجہ سے قنوج اور دلیہ کے درمیان دریائے گنگا کی سطح آب میں اضافہ ہوگیا۔ ہلکی سے لے کر اوسط درجہ کی بارش ریاست کے مشرقی علاقوں میں بیشتر مقامات پر دیکھی گئی۔ ریاست کے مغربی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوئی۔ زبردست بارش منتشر مقامات پر ریکارڈ کی گئی۔ دریائے جمنا کی سطح آب میں بھی ہمیرپور اور نینے کے درمیان کے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دریائے شاردا خطرے کے نشان سے ایک میٹر بلندی پر علاقہ کھیری میں بہہ رہی ہے۔ حالانکہ بارش کی وجہ سے گرمی سے نجات ملی لیکن دریاؤں نے کنارے توڑ دیئے۔ گزشتہ پانچ دن سے بعض علاقوں میں مسلسل بارش جاری ہے جس کی وجہ سے درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے ہیں۔ بعض رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب آئندہ 6 دن تک موسم مرطوب رہے گا اور بعض مقامات پر زبردست بارش کا امکان ہے۔ دریاؤں کے دامن میں 10 جولائی کو بارش ہوسکتی ہے۔ دہلی کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT