Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / اتراکھنڈ کی کابینہ کا صدر راج کے بعد پہلا اجلاس

اتراکھنڈ کی کابینہ کا صدر راج کے بعد پہلا اجلاس

حکومت کے فیصلوں پر عمل آوری کیلئے عاجلانہ اقدامات
دہرہ دون ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر اتراکھنڈ کی حیثیت سے بحالی کے بعد ہریش راؤت نے آج کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد کیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ سابق میں کیے گئے ان کی حکومت کے فیصلوں اور سرکاری احکامات پر عمل آوری کے لیے عاجلانہ اقدامات کئے جائیں ۔ اتراکھنڈ میں صدر راج کی برخاستگی کے ایک دن کابینہ اجلاس آج صبح سکریٹریٹ میں منعقد کیا گیا ۔ اجلاس کی روئیداد سے واقف کروانے کے لیے 12-30 بجے پریس کانفرنس طلب کی گئی تھی لیکن اچانک منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے ایک صحافتی اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ جس میں چیف منسٹر ہریش راؤت نے ریاست میں طویل عرصہ تک سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث زبردست خسارہ پر افسوس کا اظہار کیا اور یہ تیقن دیا کہ نقصانات کی تلافی کے لیے وہ سخت محنت سے کام کریں گے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کل اتراکھنڈ اسمبلی میں تحریک اعتماد کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے 46 دن کے بعد ہریش راؤت کو چیف منسٹر کے عہدہ پر بحال کردیا تھا اور عدالت کے اس فیصلہ سے نریندر مودی حکومت کو زبردست جھٹکہ پہنچا ہے ۔ جنہوں نے کانگریس حکومت کو بیدخل کرنے کے لیے سیاسی کھیل کھیلا تھا ۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے فوری بعد مرکزی کابینہ ، ریاست سے صدر راج کی برخاستگی کی سفارش کی تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT