Friday , December 15 2017
Home / سیاسیات / اترپردیش کے گرام پنچایت انتخابات میں تشدد

اترپردیش کے گرام پنچایت انتخابات میں تشدد

سلطان پور / ایٹاہ ( اترپردیش ) ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش میں گرام پنچایت انتخابات کے دوران پرتشدد واقعات میں 3 افراد بشمول ایک 60 سالہ شخص ہلاک اور دیگر 2 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع سلطان پور کے موضع پنچوپیران میں دو حریف گروپوں کے درمیان تصادم میں ایک 60 سالہ شخص ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو گروہوں نے ایکدوسرے پر فائرنگ کردی ۔ اس تصادم میں ایک شخص حاجی معین الدین کی موت ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد ایک گروپ کے احتجاجیوں نے ایس یو وی کار اور ایک اسکوٹر کو نذر آتش کردیا ۔ پولیس نے کشیدہ حالات کے پیش نظر اضافی جمعیت کو طلب کرلیا ہے ایک اور واقعہ ضلع ایٹاہ میں پیش آیا جب کہ موض جتھیرہ میں سیاسی مخاصمت کی بناء کل ایک 20 سالہ نوجوان کو گولی مار دی گئی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔ اگرچیکہ ملزمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔ تیسرا واقعہ کوتوالی جتھیرہ کے پیپھرا گاؤں میں کل پیش آیا جہاں پر 2 افراد محکمیر سنگھ اور دلیپ کمار پر فائرنگ کردی گئی ۔ انہیں شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ۔ دریں اثناء شیشوپال سنگھ ، سابق رکن اسمبلی اور ضلع صدر کانگریس نے الزام عائد کیا کہ پرتشدد واقعات کی روک تھام میں پولیس ناکام ہوگئی ۔ ضلع بداون کے کٹہ گاوں میں بھی سنیل کمار اور دیگر نے کل شب ایک 35 سالہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم روانہ کردیا ہے اور ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT