اتم کمار ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر برقرار

صدارت کی دوڑ میں شامل قائدین کو مایوسی ۔ حامیوں اور کارکنوں میں مسرت کی لہر

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس ہائی کمان نے اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت پر برقرار رکھنے کے احکامات جاری کردئیے جس سے جہاں صدارت کی دوڑ میں شامل رہنے والے قائدین کو مایوسی ہوئی وہیں اتم کمار ریڈی کے حامیوں نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے گاندھی بھون اور اتم کمار ریڈی کی قیام گاہ پر جشن منایا ۔ مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتشبازی کی ۔ صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی نے ملک کی تمام ریاستوں کے پردیش کانگریس کمیٹیوں ، ریجنل کمیٹیوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدور کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے ایک مکتوب کے ذریعہ احکامات جاری کردئیے ۔ گاندھی بھون کو مکتوب وصول ہوتے ہی اتم کمار ریڈی کے حامیوں نے آتشبازی کرتے ہوئے جشن منایا ۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو تلنگانہ پردیش کانگریس نائب صدر ملو روی جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین ، کانگریس قائد اعجاز الزماں ودیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں اتم کمار ریڈی کی قیام گاہ پر بھی کانگریس قائدین و کارکنوں نے جشن منایا ۔ اتم کمار ریڈی زندہ آباد کے نعرے لگائے ۔ پی سی سی نائب صدر ملو روی ، خازن جی نارائن ریڈی ، یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو ، این ایس یو آئی صدر وینکٹ مہیلا کانگریس کی صدر نیرلہ شاردا کے علاوہ دیگر قائدین نے اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ اور سابق سکریٹری تلنگانہ کانگریس سید یوسف ہاشمی بھی مبارکباد دینے والوں میں شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ کئی قائدین بالخصوص کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی برادرس ، ڈی کے ارونا ، ٹی جیون ریڈی کے علاوہ دوسرے کئی قائدین صدارت کی دوڑ میں شامل تھے ۔ ہائی کمان کے فیصلے نے انہیں مایوس کردیا ہے ۔ اے آئی سی سی نے اتم کمار ریڈی کو دوسری میعاد کیلئے صدر نامزد کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی اب ساری توجہ انتخابی ٹیم تیار کرنے میں جٹ گئے ہیں۔
پون کلیان کی فلم کی ٹکٹ 92 ہزار میں ہراج
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلگو فلم انڈسٹری کے معروف اداکارہ و جناسینا پارٹی کے صدر پون کلیان کی فلم ریلیز سے قبل ہی سرخیوں میں چھا گئی ہے ۔ اگناتاواسی ( روپوش شخص ) فلم کی ریلیز 10 جنوری کو ہونے والی ہے اور آج چینائی میں اس فلم کے ریلیز شو کے اڈوانس ٹکٹوں کا ہراج موضع بحث بن گیا ۔ تین مداحوں نے فلم کے ٹکٹوں کے ہراج میں حصہ لیتے ہوئے پہلا ٹکٹ 92 ہزار ، دوسرا ٹکٹ 59 ہزار اور تیسرا ٹکٹ 40 ہزار میں خرید لیا ۔ ہراج میں ہزاروں مداحوں نے حصہ لیا ۔ پون کلیان ہیرو کے طور پر اس فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور اس فلم کے ڈائرکٹر شری وکرم ہیں ۔ فلم سنسر بورڈ کی منظوری کے بعد ریلیز کیلئے تیار ہے ۔ 9 جنوری کو امریکہ میں پریمیر شو ہونے والا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT