Thursday , May 24 2018
Home / Top Stories / اتم کمار ریڈی کی 26 فروری سے ریاست میں بس یاترا

اتم کمار ریڈی کی 26 فروری سے ریاست میں بس یاترا

انتخابی تیاریوں کا عملاً آغاز ، چیوڑلہ سے یاترا شروع کی جائے گی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے 26 فروری سے ریاست میں بس یاترا شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عملاً آغاز کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ 2004 کے عام انتخابات سے قبل تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے غلام نبی آزاد نے بس یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے کانگریس کے تمام قائدین میں اتحاد پیدا کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ کانگریس پارٹی کے لیے چیوڑلہ نیک شگون تصور کیا جاتا ہے ۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے بھی چیوڑلہ سے پدیاترا کا آغاز کیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے بھی 26 فروری کو دوپہر ایک بجے چیوڑلہ سے بس یاترا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلا مرحلہ 11 مارچ تک جاری رہے گا ۔ درمیان میں ہولی تہوار کے پیش نظر یکم تا 3 مارچ تک بس یاترا کے لیے وقفہ دیا جارہا ہے ۔ دوسرے مرحلے کی بس یاترا یکم تا 15 اپریل تک منعقد کی جائے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں بس یاترا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ کانگریس کے کئی قائدین نے پدیاترا کرنے کی اجازت دینے کی کانگریس قیادت اور ہائی کمان سے اجازت طلب کی ہے ۔ 15 مئی سے ریاست کے مختلف علاقوں میں کانگریس کے سینئیر قائدین بالخصوص ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک ، رکن اسمبلی ریونت ریڈی سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر پدیاترا منظم کریں گے ۔ اس کے علاوہ سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ رتھ یاترا کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا کریں گے ۔ بس یاترا کے بشمول قائدین کی بس یاترا کے لیے روٹ میاپ تیار کیا جارہا ہے ۔ یکم جون کو حیدرآباد یا ورنگل میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں صدر کانگریس راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا ۔ بس یاترا اور پدیاترا کے دوران پارٹی کے قومی قائدین کو مدعو کرنے کی بھی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT