Monday , November 20 2017
Home / سیاسیات / اتنا ہی بولیں جتنا کرسکتے ہوں : نریندر مودی کو نتیش کمار کا مشورہ

اتنا ہی بولیں جتنا کرسکتے ہوں : نریندر مودی کو نتیش کمار کا مشورہ

نئی دہلی 8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ کسی کو اتنا ہی بولنا چاہئے جتنا وہ کرسکتے ہیں بصورت دیگر کچھ بھی اچھا نہیں ہوتا ۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے نتیش کمار نے مزاحیہ ریمارک بھی کیا اور کہا کہ مودی کے پیشرو منموہن سنگھ کچھ بولتے نہیں تھے اور مودی کسی کی سنتے نہیں ہیں۔ بہار میں سماجی شعبہ میں ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ یہ سب کام صرف باتوں سے نہیں کئے جاسکتے ۔ اگر ایسا ہوتا تو ملک میں کئی لوگ ہیں جو بلند بانگ دعوے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بولنا الگ ہے اور کرنا الگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واٹس اپ پر انہوں نے ایک جوک پڑھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابقہ ( وزیر اعظم ) کچھ بولتے نہیں تھے اور موجودہ وزیر اعظم کچھ سنتے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوتا ۔ آپ کو کام بھی کرنا پڑتا ہے ۔ اتنا ہی بولا کریں جتنا کرسکتے ہیں۔ اگر آپ وہ کچھ بھی بولتے ہیں جو کر نہیں سکتے تو پھر ایک دن آپ پٹری سے اتر جاتے ہیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ ہمیشہ باتیں کم اور کام زیادہ کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ نتیش کمار آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے ساتھ مل کر بہار میں اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جو جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں۔ انہیں بی جے پی سے سخت مقابلہ کی امید ہے ۔ نتیش کمار نے یہاں بہار فاونڈیشن کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کو مسترد کردیا کہ جس پارٹی کی دہلی میں حکومت ہے اسی پارٹی کی ریاست میں حکومت بنتی ہے تو یہ بہار کیئے اچھا ہوگا ۔ اکثر بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے اتحاد اسی نظریہ کو پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی اقتدار والی ریاست مدھیہ پردیش اور گجرات کی ترقی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت کے دوران ان ریاستوں میں اچھی ترقی ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT