Tuesday , December 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اتوار کو شیعہ رشتوں کا دوبدو پروگرام

اتوار کو شیعہ رشتوں کا دوبدو پروگرام

عابد علی خاں آئی ہاسپٹل پر مقرر ، سیاست و ایم ڈی ایف کا اعلان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( دکن نیوز ) : شیعہ مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں برسر موقعہ رشتے طئے کرنے کے لیے تیسرا خصوصی دوبدو ملاقات پروگرام اتوار ، 6 ستمبر 10 بجے تا 4 بجے شام عابد علی خاں آئی ہاسپٹل ( دارالشفاء ) میں منعقد ہوگا ۔ ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام سیرت الزہرا کمیٹی کے تعاون سے 46 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کے انتظامات تیزی سے جاری ہیں ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ دوبدو پروگرام میں لڑکوں و لڑکیوں کے والدین و سرپرست شرکت کریں گے ۔ اس سلسلہ میں عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کے باب الداخلہ پر لڑکوں و لڑکیوں کے علحدہ علحدہ رجسٹریشن کاونٹرس ہوں گے ۔ جہاں مفت نئے رجسٹریشن کروانے کی سہولت حاصل رہے گی جو والدین پہلے ہی سے دفتر ایم ڈی ایف پر رجسٹریشن کرواچکے انہیں مزید رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ والدین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ دوبدو ملاقات پروگرام میں اپنے لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس ساتھ لائیں تاکہ باہمی مشاورت اور ایک دوسرے سے تبادلہ خیال میں سہولت حاصل ہوسکے ۔ ایم اے قدیر نائب صدر فورم نے بتایا کہ ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، پوسٹ گریجویشن اور دیگر تعلیمی قابلیت رکھنے والے برسر روزگار لڑکوں کے پیامات کی تفصیل بتائی جائے گی ۔ ایم ڈی ایف کی جانب سے لڑکوں کے والدین کو پیلے ربن اور لڑکیوں کے والدین کو گرین ( سبز ) ربن لگائے جائیں گے تاکہ ایک دوسرے کو پہچاننے اور مشاورت کا آغاز کرنے میں آسانی پیدا ہوسکے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جلسہ کی صدارت کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا میر محمد علی ( مقیم ایران ) ، مولانا علی مرتضی شرکت کریں گے ۔ جناب علی رضا صدر مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی نے بتایا کہ ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام قبل ازیں دوبدو پروگرام منعقد کئے جاچکے ہیں جو انتہائی کامیاب رہے اور بے شمار پیامات طئے کیے گئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تیسرا دوبدو ملاقات پروگرام شیعہ برادری کے لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کے طئے کرنے میں زیادہ موثر ثابت ہوگا ۔ مولانا سید شاہ شان حیدر ، مولانا مہدی علی ہادی ، مولانا سید اکبر حسین رضوی کے علاوہ جناب ایم اے قدیر ، ڈاکٹر ایوب حیدری ، میر انور الدین ، محمد برکت علی ، محمد فرید الدین ، سید اصغر حسین ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، سید ناظم الدین ، سید الیاس باشاہ ، احمد صدیق مکیش ، محمد نصر اللہ خاں ، ریحانہ نواز ، سیدہ محمدی بیگم ، رفیعہ سلطانہ ثانیہ ، ایم اے واحد اور ایم ڈی ایف کے عہدیدار و اراکین نے شیعہ سرپرستوں و والدین سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔ والدین و سرپرست سیاست کے شروع کردہ ویب سائٹ [email protected] سے استفادہ بھی کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT