Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / اجمیر شریف میں ایرپورٹ ، وزیر اعظم سے مولانا پیر نقشبندی کی نمائندگی

اجمیر شریف میں ایرپورٹ ، وزیر اعظم سے مولانا پیر نقشبندی کی نمائندگی

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری سابق کارگذار صدر نشین درگاہ کمیٹی حضور خواجہ اعظم غریب نوازؒ اجمیر شریف وزارت اوقاف حکومت ہند کی ہندوستان کے مرکز روحانی اجمیر شریف کو عالمی فضائی ربط کے لیے ایرپورٹ کے قیام کی نمائندگی پر مثبت اقدام کرتے ہوئے اس تجویز کی عمل آوری کے لیے وزارت شہری ہوا بازی کو ہدایت دینے سے اتفاق کیا ۔ مولانا پیر نقشبندی نے وزیر اعظم مودی کو اس بات سے واقف کروایا کہ ان کے ( پیر نقشبندی ) کے دورے صدارت میں اس وقت کی درگاہ کمیٹی کے وفد کو اس وقت کے وزیر اعظم مسٹر راجیو گاندھی نے نہ صرف احکام دئیے بلکہ راجستھان حکومت کو زمین طیران گاہ کے لیے حوالے کرنے کی تیاری بھی کی گئی لیکن بدقسمتی سے برسوں سے یہ آج تک نامکمل ہے ۔ پیر نقشبندی نے وزیراعظم مسٹر مودی پر زور دیا کہ وہ اقطاع عالم کے بے شمار عاشقان حضور خواجہ غریب نوازؒ کے دیرینہ ضرورت کو اپنے دور اقتدار میں فوری مکمل کرتے ہوئے عصری ایرپورٹ کا اجمیر شریف میں تعمیر کا وقت معینہ کے ساتھ آغاز کریں ۔ اسی اثنا مولانا پیر نقشبندی نے آج چھٹی شریف کے موقع پر عقیدت مندان حضور خواجہ ہند والیؒ کے نام اپنے پیام میں کہا کہ میرے خواجہ کا مشن قرآن کا پیغام اور صاحب قرآن سے محبت ہے ۔ حقیقی نسبت رکھنے والے کیلئے یہ عمل ناگزیر ہے کہ وہ قرآن و سنت پر عمل کریں اور اتباع خواجہ میں گھر گھر قرآن پاک کو پہنچائے ۔۔

TOPPOPULARRECENT