Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / اجمیر شریف میں تلنگانہ کے زائرین کیلئے رباط کی اراضی کی نشاندہی

اجمیر شریف میں تلنگانہ کے زائرین کیلئے رباط کی اراضی کی نشاندہی

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا اراضیات کامعائنہ، چیف منسٹر سے منظوری حاصل کرنے کا عزم
حیدرآباد۔/10مارچ، ( سیاست نیوز) اجمیر میں بارگاہ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کی زیارت کیلئے جانے والے تلنگانہ کے زائرین کی سہولت کیلئے رباط کی اراضی کا تعین کرلیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے 5 کروڑ کے صرفہ سے رباط کی تعمیر کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں راجستھان حکومت نے ایک ایکر سے زائد اراضی الاٹ کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے مسلسل دو دن تک اجمیر کے اطراف و اکناف مختلف سرکاری اراضیات کا معائنہ کرتے ہوئے آج ایک اراضی کی نشاندہی کرلی ہے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اجمیر گورو گوئل اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اراضیات کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکبر حسین، صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان، رکن اقلیتی کمیشن ارشد علی خاں، ٹی آر ایس قائد شریف الدین اور دوسرے موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ درگاہ شریف سے پانچ کلو میٹر کی دوری پر 5200 مربع گز اراضی کی نشاندہی کی گئی جو انتہائی پاش علاقہ میں واقع ہے۔ اس علاقہ میں بس اسٹانڈ موجود ہے جہاں سے وقفہ وقفہ سے درگاہ شریف کو بسیں چلائی جاتی ہیں۔ یہ مقام ریلوے اسٹیشن سے 6 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ محمود علی نے کہا کہ یہ سرکاری اراضی غیر متنازعہ ہے۔ درگاہ شریف کے قریبی علاقہ میں خانگی اراضی کا جائزہ لیا گیا لیکن زیادہ تر خانگی اراضیات متنازعہ ہیں اور اراضی کیلئے 7 تا 8 کروڑ کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اراضی کے سلسلہ میں قطعی منظوری حاصل کی جائے گی اور مناسب تاریخ کا انتخاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے ہاتھوں تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رباط سے تلنگانہ کے زائرین کو درگاہ شریف جانے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 2 منی گاڑیوں کے انتظام کی تجویز ہے۔ ہر گاڑی میں 15 تا20 افراد کی گنجائش رہے گی۔ یہ گاڑیاں ہمیشہ رباط میں دستیاب رہیں گی اور ان کے ذریعہ زائرین کی منتقلی اور واپسی کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منت مانگی تھی جس کے تحت یہ اراضی حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں حکومت راجستھان سے اظہار تشکر کیا۔ محمود علی نے کلکٹر اجمیر اوردیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اراضی کے الاٹمنٹ کے بارے میں بات چیت کی۔ محمود علی پارٹی قائدین کے ساتھ آج رات حیدرآباد واپس ہوگئے اور وہ بہت جلد چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے اراضی کی تفصیلات بیان کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT