Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / اجمیر شریف میں روحانی اور مذہبی پیشوائوں کی امن کانفرنس

اجمیر شریف میں روحانی اور مذہبی پیشوائوں کی امن کانفرنس

ملک کی بڑی درگاہوں کے سجادہ نشین کے علاوہ پنڈتوں اور پادریوں کی شرکت
جئے پور۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف مذہبی عبادت گاہوں کے روحانی پیشوائوں اور مذہبی قائدین کا پہلا اجتماع حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ تعلیمی اور چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ پہلی امن کانفرنس میں دیکھا جائے گا۔ یہ کانفرنس اجمیر شریف میں 5 مارچ کو منعقد ہورہی ہے۔ امن، قوم پرستی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مقصد کیساتھ اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں ملک کے بڑی درگاہوں، بڑے منادر اور دیگر مذہبی اداروں سے تعلق رکھنے والے سربراہوں کی کثیر تعداد شرکت کریگی۔ ان میں درگاہ نظام الدین اولیاء دہلی اور مانیر شریف کے علاوہ بہار سے تعلق رکھنے والے سجادگان بھی شرکت کرینگے۔ ہندو مذہبی قائدین کو بھی اس کانفرنس کیلئے مدعو کیا گیا ہے جو مختلف سیشن میں حصہ لینگے۔ اس کانفرنس کا مقصد قوم پرستی کو فروغ دینا اور مذہبی ہم آہنگی کو نوجوانوں میں موثر طریقہ سے پھیلانا ہے۔ کانفرنس کے تمام مقررین رواداری اور روحانیت کو فروغ دینے پر زور دینگے۔ مذہبی قائدین کے رول اور سماج میں خواتین کے مقام کو واضح کرنے پر بھی سیرحاصل مباحث ہوں گے۔ نصیرالدین چشتی سکریٹری ٹرسٹ نے بتایا کہ پاکستان کی درگاہ میں ہوئے حالیہ دھماکے کے بعد اس کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنایا گیا تاکہ مذہبی مقامات کیخلاف دانستہ طور پر کی جانے والی کارروائیوں کی مذمت کی جاسکے۔ صوفی روایات کے حامل درگاہوں پر حالیہ برسوں میں طالبان کے علاوہ دیگر انتہاپسند گروپوں نے حملے کئے ہیں۔ ان حالات میں ہمیں متحد ہوکر کس طرح کھڑا ہونا چاہئے اس پر غو و خوص کیا جائے گا۔ عالمی انسانیت امن کو فروغ دینے کیلئے ہم نے جدوجہد شروع کی ہے۔ اس کانفرنس میں امن بھائی چارگی اور دیگر موضوعات پر سیرحاصل بات چیت ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT